رسائی کے لنکس

بھارت: امریکی صدر کی جنوبی ایشیا پالیسی کا خیرمقدم


بھارتی پارلیمنٹ کی عمارت، نئی دیلی
بھارتی پارلیمنٹ کی عمارت، نئی دیلی

سہیل انجم

بھارت نے افغانستان اور جنوبی ایشیا کے سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی پالیسی کا خیرمقدم کیا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے منگل کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارت افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کی کوششوں میں اس کی مدد جاری رکھنے کے لیے پرعزم اور اپنے عہد کا پابند ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کی شب میں اپنے ایک خطاب میں افغانستان اور جنوبی ایشا کے لیے نئی پالیسی کا اعلان کیا اور افغانستان کی تعمیر نو کے لیے بھارت سے مزید مدد کا مطالبہ کیا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت امریکہ کی فکرمندیوں اور اہداف سے متفق ہے اور وہ افغانستان کی خوشحالی، ترقی اور تعمیر نو میں اس کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم افغانستان کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کی کوششوں میں اضافہ کرنے اور دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور ان کو حاصل ہونے والی حمایت جیسے مسائل سے نبردآزما ہونے کے سلسلے میں صدر ٹرمپ کے ٹھوس عزم کا استقبال کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے جنوبی ایشیا اور افغانستان کے بارے میں اپنی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ امریکہ کی اسٹریٹجک شراکت داری کو تیز کرنا اس پالیسی کا اہم حصہ ہے۔

XS
SM
MD
LG