رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ کو شکست؛ بھارت ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا


بھارت نے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے مقررہ پچاس اوورز میں چار وکٹ کے نقصان پر 397 رنز بنائے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 48.5 اوورز میں 327 رنز بنا سکی۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی سات وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے، ڈیرل مچل کی سینچری بھی نیوزی لینڈ کو شکست سے نہ بچا سکی۔

اس سے پہلے بھارت کی ٹیم نے 1983، 2003 اور 2011 میں ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی جس میں سے صرف ایک بار 2003 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یہ میچ بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی کے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا کیوں کہ اس میں انہوں نے ریکارڈ 50ویں سینچری بناکر ہم وطن سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔

یہ وراٹ کوہلی کے کریئر کا 291واں ون ڈے میچ تھا جس میں اب تک وہ 71 نصف سینچریوں سمیت 50 سینچریاں بنا چکے ہیں۔

یہ ریکارڈ سینچری کوہلی ہی نہیں، ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی بلے باز کے کریئر کی پچاسویں سینچری ہے۔

اس سے قبل اس فارمیٹ کی 53 سالہ تاریخ میں کوئی بلے باز 50 سینچریاں بنا نہیں سکا تھا، 49 سینچریوں کے ساتھ بھارت ہی کے سچن ٹنڈولکر اس ریکارڈ کے مالک تھے۔

اس سینچری کے ساتھ ہی وراٹ کوہلی ایک ورلڈ کپ ایڈیشن کے دوران 700 سے زائد رنز بنانے والے بلے باز بھی بن گئے۔ اس سے پہلے سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ 2003 میں سچن ٹندولکر نے 673 رنز بناکر قائم کیا تھا۔

بھارتی کپتان کا درست فیصلہ، کوہلی اور ائیر کی سینچریاں

ایونٹ کے پہلے ناک آؤٹ میچ میں بھارت کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا جب کپتان روہت شرما اور اوپنر شبمن گل نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 8.2 اوورز میں 71 رنز بنائے۔

انہوں نے چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد شبمن گل نے وراٹ کوہلی کے ساتھ مل کر اسکور کو 23ویں اوور میں 164 رنز تک پہنچا دیا۔

جب شبمن گل کا انفرادی اسکور 79 رنز تھا تو وہ زخمی ہوکر واپس پویلین چلے گئے تھے. ان کی اننگز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے جب کہ انہوں نے 65 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔

اس کے بعد وراٹ کوہلی نے ریکارڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 106 گیندوں پر کریئر کی پچاسویں اور اس ایونٹ کی تیسری سینچری اسکور کی۔

وہ 113 گیندوں پر 117 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں نو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

شریاس ائیر بھی اس میچ میں بھرپور فارم میں نظر آئے، انہوں نے 70 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز کھیل کر بھارت کا اسکور 397 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے اپنی سینچری 67 گیندوں پر مکمل کی جس میں آٹھ چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ یہ ان کی ایونٹ میں مسلسل دوسری سینچری ہے، اس سے پہلے وہ نیدرلینڈز کے خلاف بھی سو کا ہندسہ عبور کرچکے تھے۔

شبمن گل نے اننگز کے آخر میں واپس اکر اپنی اننگز 80 رنز پر ختم کی جب کہ 20 گیندوں پر ناقابلِ شکست 39 رنز بناکر کے ایل راہل بھی نمایاں رہے۔

ٹم ساؤتھی نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے کامیاب بالر رہے لیکن انہوں نے یہ 3 وکٹیں 100 رنز کے عوض حاصل کیں۔

اس میچ کو دیکھنے کے لیے وراٹ کوہلی کی اہلیہ معروف اداکارہ انوشکا شرما سمیت کئی بالی وڈ ستارے میدان میں موجود تھے۔

ان ستاروں میں رنبیر کپور، سدھارتھ ملہوترا، کیارا ایڈوانی، شاہد کپور اور جان ابراہم شامل تھے۔

یہی نہیں، میچ سے قبل بھارت میں موجود لیجنڈری فٹ بالر ڈیوڈ بیکہم نے بھی ریکارڈ بریکر وراٹ کوہلی کے ساتھ فٹ بال بھی کھیلی۔

ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا، ایونٹ کا فائنل اتوار 19 نومبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG