رسائی کے لنکس

انڈر 19: بھارت چوتھی بار چیمپئن، پاکستان تیسری پوزیشن پر’ مطمئن‘


پاکستانی کپتان حسان خان تیسری پوزیشن پر بھی مطمئن ہیں۔ وطن واپسی پرمیڈیا نمائندوں سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

بھارت کو آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا سے 8 وکٹوں سے فتح اسے چوتھی بار اس کپ کا چیمپئن بنا گئی۔ اب تک صرف آسٹریلیا تین بار یہ اعزاز حاصل کرنے والا واحد ملک تھا۔ یوں بھارت کی فتح نے آسٹریلیا کا یہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

اس کے ساتھ ہی پاکستان ایونٹ میں تیسری پوزیشن پر چلا گیا ۔ اس کی ایک اہم وجہ یہ بھی تھی کہ وہ گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر تھا تاہم پاکستانی کپتان حسان خان تیسری پوزیشن پر بھی مطمئن ہیں۔ وطن واپسی پرمیڈیا نمائندوں سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ نیوزی لینڈ کے شہر ماؤنٹ منگانوئی میں کھیلا گیا۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 48 اوورز میں 216 رنز کا ہدف دے کر پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلین کھلاڑی جوناتھن مارلو واحد ایسے بیٹسمین رہے جنہوں نے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے ورنہ باقی تمام ٹیم پلیئرز قابل ذکر کارکردگی انجام نہیں دے سکے۔

بری کارکردگی کی وجہ بھارتی بالرز ایشان پوریل، شوا سنگھ، کملیش ناگر کوٹی اور انوکول رائے کی اچھی کارکردگی تھی جنہوں نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارتی ٹیم کے لئے 217 رنز کا ہدف نسبتاً آسان ثابت ہوا اور اس نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 39 ویں اوور میں یہ ہدف حاصل کرلیا۔

بھارت کی طرف سے منجوت کالرا کامیاب ترین بیٹسمین رہےجنہوں نے 102 گیندوں پر 101 رنز بنائے اور آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔ انہوں نے 3 چھکے اور 8 چوکے مارے۔

ہاروک ڈیسائی بھی ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے47 رنز اسکور کیے۔ ان کے مقابلے میں جو دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے ان میں پرتھوی شا نے 29 اور شبھمان گل نے 31 رنز بنائے۔

مین آف دی میچ منجوت کالرا اور پلیئر آف دی سیریز شبھمان گل قرار پائے۔

بھارتی ٹیم سیمی فائنل میں پاکستان کو 203 رنز سے شکست دے کر جبکہ آسٹریلین ٹیم افغانستان کو ہرا کر فائنل میں پہنچی تھی۔

پاکستان کی کارکردگی:

ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیں تو ٹیم کے منیجر ندیم خان اور کپتان حسان خان بھارت کے خلاف ہار کی الگ الگ وجوہات بیان کرتے نظر آتے ہیں۔

پاکستانی ٹیم کے منیجر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ ’شکست کی سب سے بڑی وجہ بیٹنگ لائن کی ناقص اور غیر معیاری کارکردگی تھی۔‘

ان کامزید کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں ٹیم نے اپنی کارکردگی سے ماہرین کو حیران کئے رکھا لیکن بھارت کے خلاف میچ میں ٹیم بڑے میچ کا دباؤ برداشت نہیں کرسکی۔‘

کپتان حسان خان نے بھی تسلیم کیا ہے کہ ’ ٹیم بھارت کے خلاف میچ میں اچھا پرفارم نہیں کرسکی ۔‘

وطن واپسی پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حسان نے کہا ’ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ۔ایک میچ کوئی بھی ٹیم ہارسکتی ہے۔ بھارت کے خلاف برا کھیل کر ہارے ہیں اور اس کی وجہ فیلڈنگ تھی جس نے ساتھ نہیں دیا۔‘

XS
SM
MD
LG