رسائی کے لنکس

بھارتی تاجر کا ڈیڑھ سو ملین ڈالر کی لاگت سے فلم بنانے کا اعلان


فلم کی بہت سی خصوصیات ہوں گی، جیسے فلم چھ گھنٹے طویل ہوگی، یہ عربی سمیت دنیا کی 100 زبانوں میں ریلیز ہوگی، 150 ملین ڈالرز خر چ آئے گا اور۔۔۔۔

بالی وڈ میں کمائی کے حوالے سے بات اب سو کروڑ سے بھی آگے نکل گئی ہے۔

اور اس کا ثبوت ہے گزشتہ دنوں ریلیز ہونے والی فلم ’باہوبلی‘ جس نے بزنس کے نئے ریکارڈ بنا ڈالے۔

لیکن، لگتا ہے کہ باہوبلی کے بنائے ریکارڈ بہت زیادہ دنوں تک قائم نہیں رہ سکیں گے۔

ابوظہبی میں مقیم بھارتی بزنس مین، بی آر شیٹھی نے150 ملین ڈالر کی لاگت سے فلم بنانے کا اعلان کیا ہے؛ اور بات یہیں ختم نہیں ہوئی، بلکہ بی آرشیٹھی کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ فلم ’دی مہا بھارت‘ میں مزید ایک سو ملین ڈالرز بھی خرچ کرنے کو تیار ہیں۔

سنسکرت کی تاریخی نظم ’مہا بھارت‘ سے ماخود فلم ’دی مہا بھارت‘ میں بالی وڈ کے صف اول کے آرٹسٹ کام کریں گے، جبکہ ہالی وڈ کے بھی کچھ بڑے نام فلم کی کاسٹ کا حصہ ہوں گے۔ فلم میکر، وی اے شری کمار مینن ’مہابھارت‘ کے ڈائریکٹر ہوں گے۔

ویب سائٹ ’عربین بزنس‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بی آر شیٹھی نے کہا ہے کہ ’’ابتدائی طور پر رکھے گئے بجٹ کو بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔ میں نے فلم کے لئے ’اوپن بجٹ‘ رکھا ہے۔ ’مہابھارت‘ کے لئے پہلے ہی150 ملین ڈالر کا بجٹ رکھا ہے اور ضرورت پڑی تو مزید 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔‘‘

بی آر شیٹھی کا کہنا تھا کہ فلم کے لئے تمام سرمایہ ان کا ذاتی ہے اور انہیں فنانشیل مارکیٹ سے پیسے ادھار لینے کی ضرورت نہیں۔ توقع ہے کہ فلم ایک بلین ڈالرز کا بزنس کرے گی۔

’مہابھارت 2020 کے شروع میں پوری دنیا میں ریلیز کی جائے گی۔ اسے انگریزی، ہندی اور ملیالم زبانوں میں شوٹ کیا جائے گا، جسے بعد میں عربی سمیت دیگر 100 زبانوں میں پیش کیا جائے گا۔

’مہابھارت‘ کے لئے سیاحتی مقام پر عظیم الشان سیٹ لگائے جائیں گے جس میں جنگلات بھی شامل ہیں۔ اس سیاحتی مقام پر فلم کی سارا سال نمائش کی جائے گی۔

فلم ڈائریکٹر مینن کے مطابق ’مہابھارت‘ کی شوٹنگ آئندہ 100 دنوں میں ابوظہبی میں شروع ہوگی۔ تاہم، دیگر لوکیشنز کا انتخاب ہونا ابھی باقی ہے۔

بھارت کی متعدد ریاستوں کی حکومتوں اور سری لنکا کی حکومت نے اس سلسلے میں رابطہ کیا ہے۔ فلم دو حصوں میں پروڈیوس کی جائے گی اور اس کا آدھا بجٹ وی ایف ایکس پر خرچ ہوگا۔

فلم کا دورانیہ چھ گھنٹے سے کم دو حصوں پر مشتمل ہوگا۔ فلم کا دوسرا حصہ پہلے حصے کی ریلیز کے90 دن کے اندر ریلیز کیا جائے گا۔

’مہابھارت‘ رائٹر ایم ٹی واسودیون نائر کی کلاسک فلم سے متاثر ہے، جس میں ملیالم سپر اسٹار موہن لال نے بھیما کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG