رسائی کے لنکس

بھارتی کوچ انیل کمبلے عہدے سے دستبردار


انیل کمبلے کی کوچنگ میں دوہزار سولہ سترہ کے کامیاب سیزن کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ کے عہدے پر تازہ انٹرویوز کیلئے اشتہار شائع کرایا تھا، جس کے بعد انیل کمبلے سمیت امیدواروں کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ انیل کمبلے دورہ ویسٹ انڈیز سے چند روز قبل عہدے سے دستبردار ہوگئے۔

کوچ انیل کمبلے کا ایک سالہ کنٹریکٹ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد پورا ہوگیا تھا۔ تاہم، یہ طے تھا کہ وہ دورہ ویسٹ انڈیز تک کوچ برقرار رہیں گے۔

انیل کمبلے کی کوچنگ میں دوہزار سولہ سترہ کے کامیاب سیزن کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہیڈ کوچ کے عہدے پر تازہ انٹرویوز کیلئے اشتہار شائع کرایا تھا، جس کے بعد انیل کمبلے سمیت امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

کرکٹ بورڈ کو انیل کمبلے سے متعلق کپتان ویراٹ کوہلی سمیت بعض کھلاڑیوں کے فیڈبیک پر تشویش تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ انیل کمبلے کے ’’حاکمانہ‘‘ اندازِ مینجمنٹ کے ساتھ خود کو غیرآرام دہ محسوس کرتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پیر کو لندن میں بھارتی کرکٹ بورڈ کا اجلاس بھی ہوا تھا جس میں کپتان ویراٹ کوہلی، کوچ انیل کمبلے، سکریٹری امیتابھ چوہدری، چیف ایگزیکٹو آفیسر راہول جوہری اور جنرل منیجر کرکٹ آپریشنز ایم وی شری دھر نے شرکت کی۔

اجلاس کی ضرورت اس لئے پیش آئی تھی کہ سچن ٹنڈولکر، ساروگنگولی اور وی وی ایس لکشمن پر مشتمل تین رکنی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی نے بورڈ کو آگاہ کیا تھا کہ وہ ویرات کوہلی اور انیل کمبلے کے درمیان اختلافات ختم کرانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ اختلافات دور ہوتے دکھائی نہیں دیتے، کیونکہ ویرات کوہلی ایک قدم بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم پیر کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگئی۔ تاہم، انیل کمبلے اس وقت لندن میں ہیں جہاں وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے چیف ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارت کی ٹیم 23 جون کو پورٹ آف اسپین ٹرینیڈیڈ میں ایک روزہ میچ سے دورہ ویسٹ انڈیز کا آغاز کررہی ہے جس کے دوران 5ایک روزہ بین الاقوامی میچز اور ایک ٹی20 کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG