رسائی کے لنکس

بھارتی فلموں کی تشہیر کے انوکھے اور دلچسپ طریقے


بھارتی فلموں کی تشہیر کے انوکھے اور دلچسپ طریقے
بھارتی فلموں کی تشہیر کے انوکھے اور دلچسپ طریقے

موجودہ دور کی فلموں کے لئے تشہیر یا پروموشن اس قدر اہم ہوگئی ہے کہ اس کے بغیر فلم کی ریلیز بے معنی سمجھی جانے لگی ہے۔ اب یہ پروموشن ایک آرٹ، ایک فن بن گئی ہے اور اس پر لاکھوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں۔پھر پروموشن کے لئے بھی ایسی ایسی ترکیبیں اور ’کارگرنسخے‘ تلاش کئے جاتے ہیں کہ جس سے زیادہ سے زیادہ لوگ اس کی طرف متوجہ ہوجاتے ہیں ۔

ممبئی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بالی ووڈ پروڈیوسرز اب یہ بات تسلیم کرنے لگے ہیں کہ جتنا زیادہ جس فلم کو پروموٹ کیا جائے گا اسے دیکھنے کے لئے آنے والوں کی تعداد اتنی ہی زیادہ ہوگی ۔۔۔بشرط یہ کہ پروموشن کے لئے کوئی دلچسپ طریقہ اختیار کیا جائے۔

نئی سے نئی دلچسپیوں کی تلاش میں بسا اوقات یہ ترکیبیں یا اشتہاری مہمیں نہایت عجیب و غریب بھی ہوجاتی ہیں مثلاً ممبئی کی ’جنتا‘ کو سب سے زیادہ تعجب اس وقت ہوا جب انہوں نے فلم ”کہانی“ کی ہیروئن ددیا بالن کو ریلوے اسٹیشن پر ادھر ادھر گھومتے اور لوگوں سے ہنستے بولتے اس حالت میں دیکھا کہ جس حالت میں ایک عورت ماں بننے والی ہوتی ہے۔ لوگوں کو پہلی حیرانی اس وقت ہوئی جب انہوں نے ودیا کوبغیر کسی پروٹوکول کے اسٹیشن پر گھومتے دیکھا ۔ ۔۔اور اس سے بھی زیادہ تعجب انہیں ودیا کی شادی سے پہلے ہی یہ ” حالت “ دیکھ کرہوا۔

اس ”چالبازی“ کے پس پردہ حقیقت یہ ہے کہ ودیاکوفلم ”کہانی“ کے ایک منظر میں اسی ”حالت “ میں کلکتہ کی گلیوں میں اپنے شوہر کو تلاش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے چنانچہ اسی کو فلم کی پروموشن تھیم بنالیا گیا۔

آج یعنی جمعہ کو ریلیز ہونے والی فلم ” ایک دیوانہ تھا“ کے پروڈکشن یونٹ نے پروموشن کا اس سے بھی انوکھا طریقہ نکالا۔ انہوں نے فلم کے ہیرو پراتیک ببراورہیروئن ایمی کے ساتھ مل کرایک شاپنگ مال میں آئے کسٹمرز کے درمیان ایک منفرد کونٹیسٹ کا اہتمام کرڈالا جس کا نام ہی بڑا دلچسپ تھا۔ ”لائن مارو کونٹیسٹ “

اس میں لوگوں کو یہ آفر کی گئی کہ وہ ایمی کو اپنے طریقے سے ’پروپوز‘ کریں یعنی ایمی سے اظہارمحبت کریں ۔ پھر کیا تھا دیکھتے ہی دیکھتے شاپنگ مال میں لائنیں لگ گئیں یہاں تک کہ لوگوں کو سنبھالنامشکل ہوگیا۔

اسی ماہ شادی کے بندھن میں بندھنے والے رتیش دیش مکھ اور جنیلیا ڈی سوزا کو اپنی حالیہ فلم”تیرے نال لو ہوگیا“ کی پروموشن کے لئے فرضی شادی کا فنکشن رچانا پڑا۔

عجیب و غریب ، انوکھے یا منفرد انداز سے کئے گئے اس طرح کے پروموشن کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اب وہ دن گئے جب صرف ٹی وی اور اخبارات کی کوریج سے کام چل جاتا تھا ۔ اب اس کا م کے لئے نہ صرف باقاعدہ منصوبہ بندی کی جاتی ہے بلکہ اس کے لئے انہیں لاکھوں روپے بھی ادا کئے جاتے ہیں۔ اس طرح کی تشہیر ی مہم کے ذریعے فلم کی ریلیز سے پہلے ’ہائپ‘ تخلیق کی جاتی ہے تاکہ لوگوں کی نظروں سے ایک لمحے کے لئے بھی آنے والی فلم اوجھل نہ ہو۔۔اس ہائپ یا فلم کی ریلیز سے پہلے فلم سے متعلق لوگوں میں تجسس بڑھانے کا بھرپورفائدہ اس وقت ملتا ہے جب سنیماگھروں میں زیادہ سے زیادہ لوگ ٹکٹ خریدنے کے لئے لائنیں لگاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG