رسائی کے لنکس

بھارتی ہائی کمشنر کی عمران خان سے ملاقات


اس موقعے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ اجے بساریہ نے کہا کہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے عمران خان کو ٹیلی فون سے دو طرفہ تعلقات سے متعلق بھارت میں نئی امید پیدا ہوئی ہے

پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے عمران خان سے خصوصی ملاقات میں انھیں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور اپنی قیادت کا تہنیتی پیغام پہنچایا۔

پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے عمران خان سے خصوصی ملاقات میں انھیں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی، اپنی قیادت کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور انڈین کرکٹرز کا دستخط شدہ کرکٹ بیٹ عمران خان کو تحفہ میں دیا۔کرکٹ بیٹ عمران خان کا انتخابی نشان بھی ہے۔

بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ عمران خان سے ملاقات کیلئے ان کی رہائشگاہ بنی گالہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاک بھارت تعلقات اور دیگر ایشوز پر بھی بات چیت کی گئی۔ اجے بساریہ نے کہا کہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے عمران خان کو ٹیلی فون سے دو طرفہ تعلقات سے متعلق بھارت میں نئی امید پیدا ہوئی ہے۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بھارت کیساتھ تمام تصفیہ طلب تنازعات پر مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔ تاہم، بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ امید ہے کہ سارک سربراہ اجلاس جلد اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اور نعیم الحق بھی شریک تھے جبکہ بھارتی ہائی کمشنر کے ساتھ ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

دوسری جانب عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے بھارت کے سابق کرکٹرز کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو کو مدعو کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے بتایا ہے کہ تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی بھی شریک ہوں گے۔

30 جولائی کو بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو ٹیلی فون کرکے الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی تھی۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاملات آگے بڑھانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ بات چیت کے ذریعے پاک بھارت تنازعات کے حل کی تدبیر کی جانی چاہیے۔

بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’عمران خان سے ملاقات مثبت اور تعمیری رہی۔‘‘

XS
SM
MD
LG