رسائی کے لنکس

بھارتی ہاکی ٹیم کا دورہ ٴپاکستان سے انکار


بھارت کی ہاکی ٹیم کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کے بعد رواں ماہ لاہور میں ہونے والی سہ ملکی ہاکی سیریز منسوخ کردی گئی ہے۔اس فیصلے کا اعلان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ نے بدھ کو لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یاد رہے کہ 9 تا 13 اپریل تک ہونے والی اس سیریز میں پاکستان اور بھارت کے علاوہ ملائیشیا کو شرکت کرنا تھی۔ دوروز قبل ملائیشیا نے بھی سیریز میں شرکت کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے معذرت کرلی تھی۔

آصف باجوہ نے بتایا کہ بھارتی وزارتِ خارجہ نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر انڈین ہاکی فیڈریشن کو ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا مشورہ دیا ہے جس کے بعد فیڈریشن نے بھارتی ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈین ہاکی فیڈریشن کے مطابق ان کی وزارتِ خارجہ سمجھتی ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتِ حال بین الاقوامی ہاکی میچوں کے لیے سازگار نہیں ہے۔

'پی ایچ ایف' کے سیکریٹری نے بھارتی فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فیڈریشن نے بھارتی حکام کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

آصف باجوہ نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم گزشتہ دو برسوں کےدوران میں کئی بار بھارت کا دورہ کرچکی ہے جس کے بعد 'پی ایچ ایف' نے بھارتی ٹیم کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی ۔ لیکن، اُن کے بقول، بھارتی حکومت اور انڈین ہاکی فیڈریشن دونوں نے ہی پاکستان کی پرخلوص دعوت کا مثبت جواب نہیں دیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملائیشیا اور بھارت کی یقین دہانی کے بعد ہی مجوزہ ٹورنامنٹ کی منصوبہ بندی کی تھی اور دو روز قبل ملائیشیا کی جانب سے انکار کے بعد ٹورنامنٹ کو پاک بھارت سیریز میں بدلنے پر غور کیا جارہا تھا۔

واضح رہے کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 2006ء کے بعد سے کوئی دو طرفہ ہاکی سیریز منعقد نہیں ہوئی ہے۔

سیکریٹری نے بھارتی خدشات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر میں ہونے والے چینی ہاکی ٹیم کے دورہ پاکستان سے ظاہر ہوتا ہے کہ غیر ملکی ٹیموں کے پاکستان آنے اور میچ کھیلنے میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔

آصف باجوہ نے بھارت اور ملائیشیا کی ٹیموں کی جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کیے جانے کو حوصلہ شکن قرار دیا لیکن ان کا کہنا تھا کہ 'پی ایچ ایف' ملک میں بین الاقوامی ہاکی مقابلوں کی بحالی کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔

XS
SM
MD
LG