رسائی کے لنکس

بھارت: امریکی دلہن کو اپنی شادی کی تقریب بچانے کے لیے ٹوئٹر کا سہارا لینا پڑا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی شہری ایشلی ہال نے اپنی شادی کی تقریب بھارت میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے لئے بھارت کے شہر کوچی کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں تقریب سے آٹھ ماہ قبل بکنگ کرا لی تھی۔

لیکن جب تقریب کے انعقاد میں صرف دو روز باقی رہ گئے تو ہوٹل انتظامیہ نے انہیں مطلع کیا کہ بھارت کے صدر رام ناتھ کووند کی اچانک کوچی آمد کے باعث سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ان کی بکنگ منسوخ کر دی گئی ہے۔ لہذا وہ اپنی شادی کی تقریب کے لئے کسی دوسری جگہ کا انتظام کریں۔

شادی کے دعوت نامے بھجوائے جا چکے تھے اور مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہونے ہی والا تھا۔ ایشلی نے دلبرداشتہ ہو کر ٹویٹ کی، ’’آپ اپنی شادی کے لئے ڈیسٹی نیشن ویڈنگ کے طور پر 8 ماہ قبل بھارت کے ایک بہترین ہوٹل میں بکنگ کراتے ہیں اور عین شادی کے دن بھارت کے صدر اچانک اس ہوٹل کے دورے پر پہنچ جاتے ہیں۔ پھر آپ سے کہا جاتا ہے کہ آپ 48 گھنٹے کے اندر شادی کی تقریب کے لئے نئے سرے سے کسی اور جگہ بندوبست کریں۔‘‘

شادی کی تقریب منگل کے روز منعقد ہونا تھی جب کہ بھارت کے صدر کووند نے پیر کی رات کوچی پہنچ کر اسی ہوٹل میں قیام کا فیصلہ کیا تھا۔ یوں سیکیورٹی اہل کاروں نے ہوٹل سے کہا کہ وہ شادی کی تقریب کی بکنگ کینسل کر کے اسے کسی اور جگہ منتقل کرائیں۔

اس موقع پر دلبرداشتہ دلہن نے ہمت کر کے بھارت کے صدر کے دفتر سے مدد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ٹویٹ کیا، ’’ ایوان صدر، کیا آپ اپنی سیکیورٹی ٹیم کے سلسلے میں کوئی ایسی مدد کر سکتے ہیں جس سے ہمیں صرف 48 گھنٹے پہلے شادی کی تقریب اس ہوٹل سے کسی اور جگہ منتقل کرنے سے بچایا جا سکے۔‘‘

اگرچہ بھارتی ایوان صدر سے ٹویٹ کے ذریعے کوئی براہ راست جواب تو نہ دیا گیا، لیکن ہوٹل انتظامیہ کو ہدایت کر دی گئی کہ وہ ایشلی کی شادی کی تقریب پروگرام کے مطابق انجام پانے کے انتظامات کرے۔

ایشلی نے ایک اور ٹویٹ میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ’’میں تاج کوچن ہوٹل اور سرکاری اہل کاروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے آج تمام دن ہمارے ساتھ مل کر شادی کی تقریب کا انتظام کیا۔ مجھے امید ہے کہ ہم شادی کی یہ خوبصورت تقریب ایوان صدر کی مہربانی سے منعقد کر پائیں گے۔‘‘

اس کے لئے ہوٹل میں سیکیورٹی نرم کر دی گئی اور بھارتی صدر کے پروگرام میں قدرے تبدیلی کرتے ہوئے ان کے لئے ہوٹل سے شادی کے دن صبح ہی واپسی کا پروگرام طے کیا گیا تاکہ شام کو ہونے والی شادی کی تقریب میں کوئی خلل نہ پیدا ہو۔

بعد میں بھارتی صدر نے بھی ٹویٹ کا سہارا لیتے ہوئے دلہن کو نیک خواہشات بھجوائیں۔ ان کی طرف سے کہا گیا، ’’ہمیں خوشی ہے کہ یہ معاملہ بخوبی طے پا گیا۔ صدر کووند کی طرف سے اس موقع پر آپ کے لئے بہترین تمنائیں۔‘‘

XS
SM
MD
LG