رسائی کے لنکس

17بھارتی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان


17بھارتی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان
17بھارتی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان

منگل کے روز پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق رہائی پانے والے 17 قیدیوں کو بدھ کے روز واہگہ بارڈرکے راستے وطن واپس بھیجا جائے گا تاہم بیان میں قیدیوں کے حوالے سے مزید تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔

قیدیوں کی رہائی کا اقدام ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب رواں ہفتے اسلام آبا د میں بھارت سمیت دوسرے سارک ممالک کے وزراء داخلہ کا اجلاس شروع ہو رہا ہے جب کہ اسی مہینے دونوں ملکوں کے خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر دو طرفہ بات چیت بھی ہو گی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک عدالتی کمیٹی موجود ہے جو ایک دوسرے کی جیلوں میں موجود قیدیوں کو سفارتی رسائی فراہم کرنے اور ان قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے کام کرتی ہے جو اپنی سزائیں پوری کر چکے ہیں اور جن کی شہریت کا تعین کیا جا چکاہو۔

دونوں ملکوں کے ریٹائرڈ ججوں پر مشتمل یہ کمیٹی پاکستان اور بھارت کے درمیان 2004ء میں شروع ہونے والے اس امن عمل کے تحت قائم ہوئی تھی جو نومبر 2008ء کے ممبئی حملوں کے بعد معطل ہوا۔

پاکستانی حکام دونوں ملکوں کے درمیان رابطوں کی بحالی کو خوش آئند امر اور دو طرفہ اعتماد قائم کرنے کے حوالے سے اہم قرار دے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG