رسائی کے لنکس

پاکستان کا لائن آف کنٹرول پر ایک اور بھارتی جاسوس ڈرون گرانے کا دعویٰ


لائن آف کنٹرول پر بدھ کے روز گرایا جانے والا ایک اور بھارتی جاسوس ڈرون۔ آئی ایس پی آر
لائن آف کنٹرول پر بدھ کے روز گرایا جانے والا ایک اور بھارتی جاسوس ڈرون۔ آئی ایس پی آر

پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے بدھ کے روز لائن آف کنٹرول کے قریب بھارت کا دوسرا جاسوس ڈرون مار گرایا ہے۔ جب کہ ایک روز قبل بھی باغ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے پاس ایک جاسوس ڈرون گرانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی فوجیوں نے سٹوال سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بھارت کا ایک اور جاسوس ڈرون مار گرایا۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں جاسوس ڈرون کی تصویر بھی شائع کی ہے۔ لیکن اس بارے میں مزید کوئی تفصیل فراہم نہیں کی کہ ڈرون پاکستانی حدود میں کتنی گہرائی تک اندر آ گیا تھا۔

ایک روز پہلے منگل کو آئی ایس پی آر کے سربراہ نے بھارتی ڈرون گرائے جانے کے بعد کہا تھا کہ ڈرون تک کو لائن آف کنٹرول عبور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ واقع پاکستانی فوج کی چوکیوں اور دیگر مقامات کی تصویر کشی کے لیے ڈورن استعمال کرتی ہے، جس کا مقصد لائن آف کنٹرول پر گولاباری اور فوجی کارروائیوں سے قبل اپنے اہداف کے تعین کے لیے معلومات اکھٹی کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG