رسائی کے لنکس

پاکستان کا باغ سیکٹر میں بھارتی جاسوس ڈرون مار گرانے کا دعویٰ


فائل
فائل

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ’’بھارتی ڈرون کو کبھی کنٹرول لائن پار نہیں کرنے دیا جائے گا۔ انشااللہ‘‘

پاک فوج کے ترجمان اور شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے سرحدی علاقے باغ سیکٹر میں بھارتی فوج کا مبینہ جاسوس ’کواڈکاپٹر‘ مار گرایا ہے۔

سماجی رابطے کی سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر میجر جنرل آصف غفور نے برف میں گرنے والے اس ’کواڈکاپٹر‘ کی تصویر بھی لگائی ہے؛ اور کہا کہ ’’پاک فوج نے کنٹرول لائن پر باغ سیکٹر میں بھارتی جاسوس کوآڈکاپٹر کو مار گرایا ہے‘‘۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ’’بھارتی ڈرون کو کبھی کنٹرول لائن پار نہیں کرنے دیا جائے گا۔ انشااللہ‘‘۔

ان کا اشارہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ انٹرویو کی طرف تھا جس میں انہوں نے ستمبر 2016 میں بھارتی فوج کی طرف سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مبینہ ’سرجیکل سٹرائیک‘ کا دعویٰ کیا تھا۔

انٹرویو میں بھارتی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ’’پاکستان ایک لڑائی سے سدھر جائے گا، تو یہ سوچنا بہت بڑی غلطی ہوگی۔ پاکستان کو سدھارنے میں ابھی اور وقت لگے گا‘‘۔

نریندر مودی نے کہا تھا کہ ’’بھارت کے تمام وزرائے اعظم ،خواہ ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو، پاکستان سے بات چیت کی۔ لیکن ہمارا مؤقف ہے کہ بم بندوق کی آواز میں بات چیت سنائی نہیں دیتی‘‘۔

بھارتی وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ’’اس وقت دہشت گردی کی مدد کرنے والا پاکستان دنیا میں تنہا ہوگیا ہے۔‘‘

پاک فوج کے ترجمان نے نریندر مودی کے اسی بیان کے تناظر میں ایک بار پھر پاکستانی مؤقف کو دہرایا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ’’بھارتی ’سرجیکل سٹرائیک‘ کا دعویٰ بے بنیاد ہے‘‘ اور ’’پاکستان کے کسی بھی علاقے میں کوئی بھارتی فوجی داخل تک نہیں ہوا‘‘۔ ستمبر 2016 میں بھارتی دعوے کے بعد اس وقت میڈیا کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے اس سرحدی علاقے میں بھی لے جایا گیا تھا۔

اب سے کچھ ماہ قبل بھارتی میڈیا پر ان ’سرجیکل سٹرائیکس‘ کی ویڈیوز بھی جاری کی گئی تھیں، جنہیں پاکستان نے جھوٹا قرار دیکر مسترد کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG