رسائی کے لنکس

انڈونیشیا کے کئی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، ہلاکتوں کا خدشہ


انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سمیت ملک کے کئی دوسرے شہروں اور گجان آباد جزیرے جاوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔خدشہ ہے کہ اس زلزلے سے متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

انڈونیشی حکام نے زلزلے کے بعد جاوا کے ساحلی علاقوں کے لیے سمندری طوفان سے متعلق وارننگ جاری کی ہے۔

یہ زلزلہ جمعے کی نصف شب سے کچھ پہلے آیا۔

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ انڈونیشیا کے بہت سے حصوں میں لوگ پریشانی کے عالم میں عمارتوں سے باہر نکل آئے اور جاوا کے ساحلی علاقوں سے لوگ محٖفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا شروع ہو گئے۔

انڈونیشیا کے ٹیلی وژن نے بتایا کہ ساحلی علاقے چھوڑ کر جانے والوں کی بھاری تعداد کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا ہے۔

سانحات سے متعلق قومی ادارے کے ترجمان سوٹوپو پرسو نگروہو نے بتایا کہ ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں لیکن وہ فوری طور پر تفصیلات فراہم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مغربی جاوا کے متعدد شہروں میں عمارتیں گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دارالحکومت جکارتہ اور کئی دوسرے شہروں اور دیہاتوں میں تقریباً 20 سیکنڈز تک زلزلے کے طاقت ور جھٹکے محسوس کیے گئے۔

امریکہ کے زلزلہ پیما مرکز نے بتایا ہے کہ زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 5 تھی اور اس کا مرکز ملک کے مرکزی علاقے میں زمین سے 56 میل گہرائی میں تھا۔

انڈونیشیا بحرالکاہل کے ایک ایسے حصے میں واقعہ ہے جہاں زلزلے آنے اور آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے واقعات گاہے گاہے ہوتے رہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG