رسائی کے لنکس

تحریک انصاف نے نگران وزیر اعظم کے لیے تین نام پیش کر دیے


فائل
فائل

پاکستان میں نگران حکومت کے قیام کے حوالے سے مختلف نام سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیر اعظم کے لیے تین نام پیش کر دیے ہیں۔

تحریکِ انصاف نے نگراں وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے لئے تین تین ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے مشورے سے نگران وزیراعظم کے لئے 3 ناموں کو حتمی شکل دی ہے۔ تحریک انصاف نے جن ناموں کو فائنل کیا ہے ان میں عبدالرزاق داؤد، تصدق حسین جیلانی اور ڈاکٹر عشرت حسین شامل ہیں۔

شاہ محمود قریشی تینوں نام قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو پیش کریں گے۔

عبدالرزاق داؤد 1999 سے 2002 تک سابق صدر پرویز مشرف کی کابینہ میں وزیر تجارت رہ چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک بڑے کاروباری گروپ کے مالک بھی ہیں۔ جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی چیف جسٹس پاکستان کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، جب کہ ڈاکٹر عشرت حسین 1999 سے 2006 تک گورنر اسٹیٹ بینک رہے۔

وفاق کے ساتھ ساتھ پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ کے لیے ماہر اقتصادی امور ڈاکٹر سلمان شاہ، شاہد کاردار اور طارق کھوسہ کے نام تجویز کئے گئے ہیں، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود الرشید اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد یہ نام وزیر اعلی کے سامنے رکھیں گے۔

ان ناموں کے علاوہ جو شخصیات سامنے آرہی ہیں ان میں سابق گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر شمشاد اور حبیب پاشا کا نام بھی آرہا ہے، زیادہ تر شخصیات اقتصادی شعبہ سے ہیں۔

تاہم، اب تک اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور حکومت کی جانب سے کوئی نام نہیں سامنے نہیں آیا۔ لیکن، امکان ہے کہ آئندہ چند روز میں اس عمل میں تیزی آئے گی اور نگران وزیر اعظم اور صوبائی وزرائے اعلیٰ کے ناموں کا فیصلہ کرلیا جائے گا۔

لیکن، اس سے قبل انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کرنا ہوگا اور اس مقصد کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت کا آغاز ہوچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG