رسائی کے لنکس

آئیووا کاکس: صدراتی انتخابات کی نامزدگی جیتنے کا اہم مرحلہ


آئیووا کاکس: صدراتی انتخابات کی نامزدگی جیتنے کا اہم مرحلہ
آئیووا کاکس: صدراتی انتخابات کی نامزدگی جیتنے کا اہم مرحلہ

نومبر 2012ءکے امریکی صدارتی انتخابات کے لیے ری پبلکن جماعت کی نامزدگی کے امیدواران کی جانب سے امریکی ریاست آئیووا میں جاری انتخابی مہم آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے جہاں منگل کو امیدوار کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔

کاکس امریکہ میں صدارتی دوڑ میں حصہ لینے والے امیدواروں کے چناؤ کا ایک اہم مرحلہ ہے، جس میں امیدوار پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے صدر براک اوباما اپنے عہدے کی دوسری مدت کے لیے امیدوار ہیں جب کہ ان سے مقابلے کے لیے ری پبلیکن پارٹی کو اپنے امیدوار کا انتخاب کرنا ہے ۔ پارٹی کی نامزدگی جیتنے کے لیے اس وقت کئی امیدوار میدان میں ہیں اور اس سلسلے کا اہم معرکہ ریاست آئیوا میں ہورہاہے۔

تاریخی اعتبار سے 'آئیووا کاکس' کے رائے دہندگان کے منتخب کردہ ہردو جماعت - ڈیموکریٹ اور ری پبلکن - کے امیدواران آگے چل کر اپنی جماعتوں کی نامزدگی حاصل کرنے میں ناکام ہوتے آئے ہیں۔

لیکن اس کے باوجود چونکہ امریکی صدارتی انتخاب کے لیے امیدوران کے چناؤ کے مرحلے کا آغاز ریاست آئیووا سے ہوتا ہے لہذا اسے خاصی اہمیت دی جاتی ہے۔

آئیووا 'کاکس' کے ذریعے انتخابی دوڑ میں شامل کمزور امیدواران کی انتخابی عمل سے اخراج کی راہ بھی ہموار ہوتی ہے۔

رائے عامہ کے تازہ ترین جائزوں کے مطابق ری پبلکن جماعت کے متوقع امیدوارن کی ریاست میں مقبولیت میں حالیہ چند روز کے دوران تبدیلی آئی ہے اورمیساچوسٹس کے سابق گورنر مٹ رومنی پھر سرِ فہرست آگئے ہیں۔

تاہم رومنی کے مخالفین کا دعویٰ ہے کہ وہ اتنے رجعت پسند نہیں کہ انہیں ڈیموکریٹ صدر براک اوباما کے مقابلے میں ری پبلکن جماعت کا امیدوار بنایا جائے۔

آئیووا 'کاکس' کے انعقاد سے چند روز قبل کرائے گئے رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق ری پبلکن کی امیدواریت کے حصول کی دوڑ میں شامل سات امیدوران میں سے ایوانِ نمائندگان کے رکن رون پال عوام میں مقبولیت کے حساب سے دوسرے نمبر پر ہیں۔

صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن کی نامزدگی کے لیے کوشاں دیگر امیدواران، ایوانِ نمائندگان کے سابق اسپیکر نیوٹ گنگرچ، سابق سینیٹر رِک سینٹروم، ٹیکساس کے گورنر رک پیری اور ایوانِ نمائندگان کے رکن مشیل باک مین بھی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ریاست میں مختلف سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

'سی این این'، 'ٹائم' اور 'اوآر سی' کی جانب سے مشترکہ طور پر کرائے گئے ایک سروے کے مطابق رک سینٹورم کی مقبولیت میں تین گنا اضافہ ہوا ہے اور اب وہ ری پبلکن امیدواران کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

ری پبلکن کے انتخابی امیدوار کی نامزدگی کا دوسرا مرحلہ نیو ہیمپشائر میں ہوگا جہاں 10 جنوری کو ووٹنگ ہوگی۔

XS
SM
MD
LG