رسائی کے لنکس

کیا سشمیتا سین اور بھارتی بزنس مین للت مودی کے درمیان قربتیں بڑھ رہی ہیں؟


للت مودی نے اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے وضاحت کی ہے کہ انہوں نے ابھی اداکارہ سے شادی نہیں کی بلکہ دونوں ایک دوسرے کو ڈٰیٹ کر رہے ہیں اور ایک دن شادی بھی کرلیں گے۔
للت مودی نے اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے وضاحت کی ہے کہ انہوں نے ابھی اداکارہ سے شادی نہیں کی بلکہ دونوں ایک دوسرے کو ڈٰیٹ کر رہے ہیں اور ایک دن شادی بھی کرلیں گے۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بانی للت مودی نے بالی وڈ کی معروف اداکارہ اور سابق مس یونیورس سشمیتا سین کے ساتھ قریبی تعلقات کا دعویٰ کیا ہے۔

للت مودی نے جمعرات کو اپنے سوشل میڈیا پر اداکارہ سشمیتا سین کے ساتھ چند تصاویر شیئر کیں جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اداکارہ سے شادی کر لی ہے۔

للت مودی نے اپنی ایک اور پوسٹ کے ذریعے وضاحت کی کہ انہوں نے ابھی اداکارہ سے شادی نہیں کی بلکہ دونوں ایک دوسرے کو ڈٰیٹ کر رہے ہیں اور ایک دن شادی بھی کرلیں گے۔

اس بارے میں اداکارہ سشمیتا سین کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

بھارتی جریدے 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق سشمیتا سین اور للت مودی کی قربتوں سے متعلق جب سشمیتا سین کے بھائی راجیو سین سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ بھی اس خبر کو سن کر حیران ہوئے ہیں اور وہ اس معاملے پر اپنی بہن سے بات کریں گے۔

اداکارہ سشمیتا سین نے حال ہی میں اٹلی کے ایک جزیرے سارڈینیا کی تصاویر شیئر کی تھیں جس میں انہیں محفوظ ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پر مالدیپ کی تصویر بھی پوسٹ کی تھی۔

اداکارہ کی ان تمام تر تصاویر میں انہیں اکیلا ہی دیکھا گیا۔ لیکن للت مودی نے جمعرات کو سشمیتا سین کے ساتھ سارڈینیا اور مالدیپ کی چند تصاویر شیئر کیں جس کے کیپشن میں انہوں نے اداکارہ سے قریبی تعلقات کا دعویٰ کیا۔

للت مودی ایک بزنس مین اور بھارت کے سابق کرکٹ ایڈمنسٹریٹر ہیں۔ وہ آئی پی ایل کے بانی، پہلے چیئرمین اور کمشنر ہیں اور انہوں نے سن 2010 سے تین برس تک ٹورنامنٹ چلانے کی خدمات سر انجام دیں۔

سن 2008 سے 2010 کے دوران للت مودی چیمپئنز لیگ کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

اداکارہ سشمیتا سین نے 1994 میں مس یونی ورس کا خطاب حاصل کیا تھا اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی بھارتی خاتون ہیں۔

انہوں نے سن 1996 میں فلم 'دستک' کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔ سشمیتا نے 'میں نے پیار کیوں کیا'، 'بیوی نمبر ون' اور 'میں ہوں نہ' جیسی بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ اس کے علاوہ سن 2020 میں انہوں نے ڈزنی ہوٹ اسٹار کی ویب سیریز 'آریا' میں بھی کام کیا۔

یاد رہے کہ للت مودی سے قبل بھارتی میڈیا پر اداکارہ سشمیتا سین اور ماڈل روحمن شال کے درمیان تعلقات کے چرچے تھے۔

سشمیتا سین اور روحمن شال کو ایک ساتھ مختلف تقریبات میں دیکھا گیا تھاجب کہ سوشل میڈیا پر دونوں کی ایک ساتھ تصاویر بھی خوب وائرل ہوئیں۔

تئیس دسمبر 2021 کو سشمیتا سین نے انسٹاگرام پر روحمن شال کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے ان سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ اداکارہ سشمیتا کے دو لے پالک بچے رینی سین اور الیشا سین بھی ہیں۔

XS
SM
MD
LG