رسائی کے لنکس

ایران: اسلامی حکومت کے خلاف سازش کے الزام میں دو افراد کو پھانسی


ایران: اسلامی حکومت کے خلاف سازش کے الزام میں دو افراد کو پھانسی
ایران: اسلامی حکومت کے خلاف سازش کے الزام میں دو افراد کو پھانسی


ایران کا کہنا ہے کہ اُس نے ملک میں برسر اقتدار بالائى اسلامی طبقےکا تختہ اُلٹنے کی سازش کے الزام میں حکومت کے مخالف ایک گروپ کے دو ارکان کو موت کی سزا دے دی ہے۔

ایران کے سر کاری ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ محمد رضا علی زمانی اور عرش رحمانی پور کو جمعرات کے روز پھانسی دے دی گئى۔ یہ پچھلے سال دوسری معیادِ صدارت کے لیے صدر محمود احمدی نژاد کے متنازع الیکشن کے بعد بھڑک اُٹھنے والے ہنگاموں کے بعد سے ایرانی حکومت کے نظریاتی مخالفین کے لیے پہلی سزائے موت ہے، جس کی اطلاع دی گئى ہے۔

تہران کے سرکاری وکیلِ استغاثہ عباس جعفری دولت آبادی نے کہا ہے کہ ان آدمیوں نے قتل کرنے، بموں سے حملے کرنے اور بادشاہت کی حامی تنظیم ایران کی سلطنت مجلس کا رُکن ہونے کا اعتراف کرلیا تھا۔ تہران اس تنظیم پر 2008 میں شیِراز کی ایک مسجد میں بم کے اُس حملے کا الزام عائد کرتا ہے، جس میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دولت آبادی نے جون کے متنازع الیکشن کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں ان دونوں آدمیوں کی شرکت کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔ لیکن ایران کی بعض سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے موت کی ان سزاؤں کو الیکشن کے بعد احتجاج کی مہم کو کچلنے کے لیے حکومت کے اقدامات کا ایک حصّہ ظاہر کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG