رسائی کے لنکس

آبنائے ہرمز بند ہوئی تو امریکہ کاروائی پہ مجبور ہوگا


آبنائے ہرمز بند ہوئی تو امریکہ کاروائی پہ مجبور ہوگا
آبنائے ہرمز بند ہوئی تو امریکہ کاروائی پہ مجبور ہوگا

امریکی اخبار 'نیو یارک ٹائمز' نے دعویٰ کیا ہے کہ واشنگٹن انتظامیہ نے ایران کو پیغام بھیجا ہے کہ اگر اس نے آبنائے ہرمز بند کی تو امریکہ اس کا جواب دینے پر مجبور ہوگا۔

اخبار نے جمعرات کی شب شائع کی گئی ایک رپورٹ میں بعض امریکی عہدیداروں کی شناخت ظاہر کیے بغیر ان سے یہ بیان منسوب کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے یہ پیغام ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو بھیجا گیا ہے۔

اخبار کے مطابق خفیہ پیغام کی ترسیل کے لیے روایت کے برخلاف سوئس حکومت کا سہارا نہیں لیا گیا جس کے ذریعے امریکہ عموماً ایرانی قیادت سے رابطے کرتا ہے۔

یاد رہے کہ ایران نے حال ہی میں اس تنگ بحری گزرگاہ کو بند کرنے کی دھمکی دی تھی جس کے ذریعے تیل کی بیشتر عالمی تجارت ہوتی ہے۔

اس سے قبل رواں ہفتے کے آغاز پر امریکی وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن نے ایران کی دھمکی کو "خطرناک اور اشتعال انگیز" قرار دیا تھا۔

مذکورہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک اعلیٰ ایرانی جوہری سائنس دان کے رواں ہفتے پراسرار بم دھماکے میں ہونے والے قتل کے بعد ایران اور امریکہ کے باہمی تعلقات میں مزید کشیدگی در آئی ہے۔

ایران نے اس قتل کی ذمہ داری امریکہ اور اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس قتل کی مذمت کرے۔

گوکہ اسرائیل اور امریکہ نے واردات میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے تاہم جمعرات کو امریکی وزیرِ دفاع لیون پنیٹا نے کہا تھا کہ قتل کے ذمہ داران کے بارے میں امریکی حکام کو کچھ اندازہ ہے۔

XS
SM
MD
LG