رسائی کے لنکس

ایران: ووٹروں کی بھیڑ کے پیشِ نظر، پولنگ کے وقت میں اضافہ


ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے رہبراعلٰی آیت اللہ علی خامنئی نے جمعہ کو اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد عوام سے کہا کہ جتنا جلدی ممکن وہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔

ایران کے صدارتی انتخابات میں ووٹنگ میں مزید دو گھنٹوں کی توسیع کردی گئی ہے۔ سرکاری تحویل میں کام کرنے والے ٹیلی ویژن نے جمعے کے روز رپورٹ دی ہے کہ اب پولنگ رات 10 بجے تک جاری رہے گی۔


پہلے یہ ووٹنگ چھ بجے شام مکمل ہونی تھی۔ لیکن، ’’ووٹروں کے رش کے پیشِ نظر‘‘ پہلے وقت آٹھ بجے تک بڑھایا گیا تھا۔

ملک کے موجودہ صدر حسن روحانی اور قدامت پسند اُمیدوار ابراہیم رئیسی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

68 سالہ حسن روحانی دوسری چار مدت کے لیے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، اعتدال پسند صدر حسن روحانی کے دور میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق 2015 میں ایک معاہدے طے پایا تھا۔

صدر حسن روحانی
صدر حسن روحانی

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے رہبراعلٰی آیت اللہ علی خامنئی نے جمعہ کو اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد عوام سے کہا کہ جتنا جلدی ممکن وہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ووٹ کے ذریعے صدر کا انتخاب کیا جاتا ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ملک کا مستقبل عوام کے ہاتھوں میں ہے۔

ایران کے الیکشن آفس کے مطابق پانچ کروڑ 64 لاکھ سے زائد افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔

ابراہیم رئیسی
ابراہیم رئیسی

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق صدارتی انتخابات میں 6 امیدوار میدان میں تھے لیکن اُن سے سے دو امیدواروں کے انتخابات سے دستبردار ہونے کے بعد جمعہ کو چار اُمیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے جن میں حسن روحانی، ابراہیم رئیسی، سید مصطفی آقامیرسلیم اور سید مصطفی ہاشمی طبا شامل ہیں۔

ایران میں صدارتی انتخابات کے قوانین کے مطابق کسی بھی امیدوار کو کامیابی کے لیے ڈالے گئے کل ووٹوں میں سے 50 فی صد ووٹ حاصل کرنے ہوتے ہیں، بصورت دیگر سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں میں سے کسی ایک کے انتخاب کے لیے ایک ہفتے کے اندر دوبارہ پولنگ کرائی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG