رسائی کے لنکس

حسن روحانی دوسری مدت کے لیے ایران کے صدر منتخب


ایران کے موجودہ صدر حسن روحانی انتخابات میں کامیابی کے بعد دوسری مدت کے لیے ملک کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

سرکاری ٹی وی نے ہفتہ کو روحانی کی فتح کا اعلان کرتے ہوئے انھیں مبارکباد پیش کی۔

ہفتہ کو نائب وزیرداخلہ علی اصغر احمدی نے ایک نیوزکانفرنس میں بتایا کہ جمعہ کو چار کروڑ سے زائد ایرانیوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 70 فیصد رہی۔

2013ء کے انتخابات میں حسن روحانی 51 فیصد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے اور اُن انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 73 فیصد تھی۔

جمعہ کو ہونے عام انتخابات میں بھی لوگوں کی کثیر تعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور الیکشن حکام کو متعدد بار پولنگ کے وقت میں اضافہ کرنا پڑا کیوںکہ بعض پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹ ڈالنے والوں کی لمبی قطاریں موجود تھیں۔

جمعہ کو ہونے والے انتخابات کو روحانی کی اعتدال پسند سیاسی پالیسیوں کے لیے ایک ریفرنڈم کے طور پر بھی دیکھا جا رہا تھا۔

68 سالہ صدر روحانی زیادہ سیاسی آزادی اور اصلاحات کے حامی ہیں اور ان ہی کے دور میں 2015ء میں تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق چھ عالمی طاقتوں کے ساتھ ایران کا معاہدہ ہوا تھا جس سے دہائیوں سے مختلف اقتصادی پابندیوں کے شکار اس ملک کو قدرے راحت نصیب ہو سکی ہے۔

ہفتہ کی سہ پہر تک شمار کیے گئے تین کروڑ 90 ووٹوں میں سے روحانی نے دو کروڑ 28 لاکھ ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے حریف سخت گیر موقف رکھنے والے ابراہیم رئیسی کو ایک کروڑ ایک لاکھ ووٹ ملے ہیں۔

دیگر دو حریف انتخابی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں ان میں سابق وزیرثقافت مصطفیٰ میرسلیم اور اصلاحات کے حامی مصطفیٰ ہاشمی طبا شامل ہیں۔ دونوں کو بالترتیب 297000 اور 139000 ووٹ ملے۔

XS
SM
MD
LG