رسائی کے لنکس

ایران ایٹمی مسئلے پر ذمے داری کا مظاہرہ کرے: روس


روسی صدر دیمیتری میدویدیف نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام پر بین الاقوامی تنازع کے خاتمے کے لیے زیادہ ذمے داری سے کام لے۔

روسی میڈیا نے خبر دی ہے کہ مسٹر میدویدیف نے یہ بات جمعرات کے روز ایک فرانسیسی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کی۔

روسی صدر سے یہ بیان منسوب کیا گیا ہے کہ ایران کو اپنی جوہری سر گرمیاں شفاف طریقے سے انجام دینی چاہیئیں۔ انہوں نے ایران کے جوہری پروگرام پر اس لیے بھی تشویش کا اظہار کیا کہ وہ روس کے قریب واقع ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی بہت سنگین واقعہ پیش آیا تو یہ ایک انسانی سانحہ ہو گا۔ تاہم انھوں نے اس بات کی وضاحت بیان نہیں کی۔

روس نے ایران کے خلاف نئی پابندیوں کے خیال کو خارج از امکان نہیں قرار دیا ہے۔ روس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے۔

ادھر روسی میڈیا نے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے حوالے سے بتایا ہے کہ پابندیوں کا مقصد ملک کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ انھیں ایران کو ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیئے۔ انہون نےیہ بھی کہا کہ اس بارے میں کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہے کہ ایران جوہری ہتھیار تیار کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG