رسائی کے لنکس

ترکمنستان : ایران کے لیے گیس کی نئی پائپ لائن کا افتتاح



ترکمنستان اور ایران نے گیس کی ایک نئی پائپ لائن کا آغاز کردیا ہے جس کے ذریعے ترکمنستان سے ایران گیس کی فراہمی میں دوگنے سے زیادہ کا اضافہ ہوجائے گا۔

ترکمن صدر گربا گولی بردی محمدوف اور ترکمنستان کے دورے پر گئے ہوئے ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے بدھ کے روز پائپ لائن کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ دونوں راہنما ہیلی کاپٹر کے ذریعے مشرقی ترکمنستان کے افتتاحی تقریب کے مقام پر پہنچے اور گیس کی ترسیل کے آغاز کے لیے مل کر ایک پہیا گھمایا۔

ایران پہلے ہی ترکمنستان سے 1997 ء میں شروع کی گئی پائپ لائن کے ذریعے سالانہ آٹھ ارب کیوبک میٹر گیس درآمد کررہاہے۔ 30 کلومیٹر لمبی اس نئی گیس پائپ لائن کا مقصد ایران کی سالانہ درآمدات کو بڑھا کر 20 ارب کیوبک میٹر تک پہنچانا ہے۔

صدر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ اس نئی گیس پائپ لائن سے دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ اس پائپ لائن کے ذریعے ترکمنستان سے وہ گیس ایران بھیجی جائے گی جو اس سے قبل روس کو برآمد کی جاتی تھی۔

پچھلے سال روس نے ترکمنستان سے گیس کی خریداری میں نمایاں کمی کردی تھی اس کے بعد سے ترکمنستان اپنی گیس کی برآمدات بڑھانے کے لیے نئی منڈیاں تلاش کررہا تھا۔

اس وسطی ایشیائی ملک نے پچھلے مہینے چین کو بھی پائپ لائن کے ذریعے گیس کی فراہمی شروع کی ہے، جسے توانائی کی شدید ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG