رسائی کے لنکس

ایران کا نیا جوہری پلانٹ نصب کرنے کا اعلان


ایران کے نائب صدر اور جوہری پروگرام کے سربراہ علی اکبر صالحی کا کہنا ہے کہ ان کا ملک آئندہ برس مارچ تک یورینیم کی افزودگی کے لیے ایک نئی تنصیب پر کام کا آغاز کر دے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اتوار کو کابینہ کے اجلاس کے بعد اکبر صالحی نے بتایا کہ یہ تنصیب اْس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت یورینیم افزودہ کرنے کے لیے دس نئے پلانٹ تعمیر کیے جائیں گے۔ نائب صدر کا کہنا تھا کہ ان تنصیبات کے لیے زمین کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت ایران میں یورینیم افزودہ کرنے کی ایک تنصیب ناتانز میں واقع ہے جب کہ ایسی ایک اور تنصیب کی تعمیر قُم میں جاری ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ آئندہ 15 برسوں میں اس کو توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 20 تنصیبات کی ضروت ہو گی۔

امریکہ سمیت کئی مغربی ممالک کا دعویٰ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے جب کہ تہران ان الزامات کی تردید کرتا آیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام پر امن مقاصد کے لیے ہے۔

XS
SM
MD
LG