رسائی کے لنکس

چار مغوی ایرانی سرحدی محافظ چاغی سے بازیاب


فائل
فائل

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان ایرانی فوجیوں کو ایک ٹھکانے سے دوسرے ٹھکانے منتقل کیا جا رہا تھا۔ چاروں ایرانی فوجی اہلکاروں کو ایرانی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ہونے والے آپریشن کے دوران چار ایرانی فوجیوں کو بازیاب کروا لیا گیا ہے، جنہیں ایرانی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقہ اموری، جو کہ پاک افغان سرحد سے تین سے چار کلومیٹر کے فاصلہ پر ہے،خفیہ اطلاعات پر ایک آپریشن کیا گیا۔

ادارے نے بتایا کہ ’’کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد افغان سرحد سے پاکستان میں داخل ہوئے جن کے ساتھ اغوا ہونے والے چار ایرانی فوجی بھی موجود تھے۔ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ان چاروں ایرانی فوجی اہلکاروں کو بازیاب کروا لیا گیا۔‘‘

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان ایرانی فوجیوں کو ایک ٹھکانے سے دوسرے ٹھکانے منتقل کیا جا رہا تھا۔ چاروں ایرانی فوجی اہلکاروں کو ایرانی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 16 اکتوبر2018 کو گیارہ ایرانی فوجی اہلکاروں کو پاک ایران سرحد کے قریب سے اغوا کیا گیا تھا، جن میں سے 5 ایرانی فوجیوں کو 15 نومبر کو بازیاب کروایا گیا تھا۔ اس حوالے سے دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا تھا کہ عسکری قیادت کی زیر نگرانی باقی مغویوں کی رہائی کی کوششیں جاری ہیں۔

ان ایرانی اہلکاروں کو اس علاقے میں موجود کالعدم دہشت گرد گروپ جیش العدل نے اغوا کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ ایرانی رہنماؤں کے مطابق، عسکریت پسند ایرانی گارڈز کو یرغمال بنانے کے بعد پاکستان میں لے گئے تھے۔

اس معاملے پر ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی اور درخواست کی تھی کہ ’’وہ گارڈز کی جلد بازیابی کے لیے اقدامات کریں‘‘۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطے میں ان اہلکاروں کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا تھا۔

پاکستان کے افغانستان اور بلوچستان میں سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کی موجودگی کے حوالے سے پاکستان پر الزام عائد کیا جاتا ہے۔ ماضی میں بھی کئی اغوا ہونے والوں کو ان ہی علاقوں سے بازیاب کروایا جاچکا ہے۔ پاکستان ان تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہے اور پاکستان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کامیاب آپریشنز کے ذریعے سرحدی علاقوں میں موجود دہشت گردوں کی تمام پناہ گاہوں کو ختم کردیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG