رسائی کے لنکس

عراق میں سینکڑوں مظاہرین کا سرکاری محل پر دھاوا،متعدد افراد ہلاک و زخمی


بغداد میں مقتدا الصدر کا ایک حامی ہاتھ میں لیے گولیوں کے شیل دکھا رہا ہے، 29 اگست، 2022
بغداد میں مقتدا الصدر کا ایک حامی ہاتھ میں لیے گولیوں کے شیل دکھا رہا ہے، 29 اگست، 2022

بااثر شیعہ عالم دین مقتدا الصدر کی جانب سے پیر کے روز اس اعلان کے بعد کہ وہ عراقی سیاست سےکنارہ کش ہو جائیں گے، ان کے سینکڑوں مشتعل پیروکاروں نے سرکاری محل پر دھاوا بول دیا جس کے بعد سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں کئی افراد ہلاک اور ز خمی ہو گئے۔

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 بتائی ہے جب کہ رائٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 کے لگ بھگ ہے۔

عالم دین مقتدا الصدرسے وفاداری رکھنے والے مظاہرین سرکاری محل کے باہر سیمنٹ کی رکاوٹوں اور بیرونی پھاٹک توڑ کر۔ محل کے عالیشان سیلون اور سنگ مرمر سے بنےان ہالز میں پہنچ گئے، جو عراقی سربراہان مملکت اور غیر ملکی عمائدین کے لیے میٹنگ کا ایک اہم مقام ہے۔

عراق کی فوج نے ملک گیر کرفیو کا اعلان کردیا ، اور نگران وزیر اعظم نے تشدد کے واقعات کے بعد کابینہ کا اجلاس معطل کر دیا۔ طبی حکام نے بتایا ہےکہ درجنوں مظاہرین گولیوں، آنسو گیس کے گولوں سے اور پولیس کے ساتھ دست بدست جھڑپوں میں زخمی ہوگئے ہیں۔

عراق میں موجود صحافی شیلی کٹل سن نے ایک ٹوئٹ میں دھماکے، گولیوں کی آواز اور لڑائی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ بغداد میں آج کی رات بہت طویل ہو گی۔

رات ہوتے ہی، الصدر کی وفادار ملیشیا "سرایا سلام "کی پاپولر موبلائزیشن فورسز کے سیکیورٹی گروپ کے ساتھ جھڑپیں شروع ہو گئیں۔

اسپیشل فورسز کے ڈویژن اور عراقی فوج کے 9ویں ڈویژن کی ایک چھوٹی فورس بھی، عسکریت پسندوں پر قابو پانے کے لیے اس میں شامل ہو گئی کیونکہ عراقی حکومت کے مرکز گرین زون میں کئی گھنٹوں تک جھڑپیں جاری رہیں۔

اے پی کے مطابق،اسپیشل فورسز ڈویژن کا کم از کم ایک اہل کارہلاک ہوا ہے۔ دو سیکیورٹی اہلکاروں کے مطابق ایک خاتون سمیت کئی شہری زخمی ہوئے ہیں۔ مارٹر گولوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ جھڑپوں میں مارٹر اور راکٹ سے چلنے والے دستی بموں کا استعمال کیا گیا۔

عراق کی حکومت اکتوبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں الصدر کی پارٹی کے سب سے زیادہ نشستیں جیتنے کے بعد سے تعطل کا شکار ہے کیونکہ وہ کامیابی اکثریتی حکومت کے حصول کے لیے کافی نہیں ہے۔ الصدر کے ایران کے حمایت یافتہ شیعہ حریفوں کے ساتھ مذاکرات سے انکار اور اس کےبعد مذاکرات سے الگ ہو جانے کے نتیجے میں، ملک سیاسی غیر یقینی کا شکار ہو گیا ہے اور شیعہ رہنماؤں کے درمیان اختلافات شدید ہو گئے ہیں۔

اپنے سیاسی مفادات کو تقویت دینے کے لیے، الصدر نے اپنے بیانات کو قوم پرست اور اصلاحی ایجنڈے کے ساتھ جوڑ لیا ہے جو عراقی معاشرے کے غریب ترین طبقوں سے تعلق رکھنے والے اور تاریخی طور پر سیاسی نظام سے باہر رہنے والے انکے حمایتیوں کے لیے کشش رکھتا ہے۔

اس رپورٹ کے لیے ایسوسی ایٹڈ پریس سے مواد لیا گیا۔

XS
SM
MD
LG