رسائی کے لنکس

بغداد: سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین میں جھڑپ، چار افراد ہلاک


سنک برج
سنک برج

بغداد میں عراقی سیکیورٹی فورسز اور حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کے دوران تازہ جھڑپ میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

حکام نے بتایا ہے کہ مظاہرین اس وقت ہلاک ہوئے جب شہر کے السنک پُل پر مظاہرین کی اشتعال انگیز کارروائیوں کو روکنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے گولے استعمال کیے۔

مظاہرین السنک کے علاوہ احرار اور جمہوریہ کی دو دیگر پُلوں پر قابض ہونے کی کوشش کرتے رہے ہیں، جن کے ذریعے دریائے دجلہ پر سے ٹریفک کی آمد و رفت جاری رہتی ہے، اور جہاں سے سخت پہرے والا ’گرین زون‘ شروع ہوتا ہے۔ یہ وہ زون ہے جہاں عراقی حکومت کی اہم عمارات واقع ہیں۔

احتجاجی مظاہروں کا آغاز اکتوبر میں روزگار اور سہولیات کی عدم دستیابی پر ہوا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں بدعنوانی میں شدت آئی ہے اور اجرتوں کے عدم مساوات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مظاہرین اب حکومتی سطح کی مکمل اصلاح کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز زیادہ تر غیر مسلح مظاہرین کے خلاف اسلحے، آنسو گیس اور اسٹن گرینیڈز کا استعمال کرتی رہی ہیں، جن کی زد میں آ کر اب تک 320 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔

پیر کے روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عراقی حکام کو متنبہ کیا ہے کہ زیادتی اور بدعنوانی کے ذمےدار اہل کاروں کے خلاف تعزیرات عائد کی جا سکتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG