رسائی کے لنکس

عراقی طیارے کی بغداد پر 'غلطی' سے بمباری، پانچ ہلاک


فائل
فائل

طیارہ مشن مکمل کرنے کے بعد بغداد میں اپنے ہوائی اڈے کی جانب واپس آرہا تھا جب اس پر لدا ایک بم مشرقی بغداد کے رہائشی علاقے نیریاہ پر جا گرا۔

عراقی فوج کے ایک طیارے کی دارالحکومت بغداد پر غلطی سے کی جانے والی بمباری کے نتیجے میں کئی عمارتیں تباہ اور کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

عراق کے سرکاری ٹی وی کے مطابق روسی ساختہ سخوئی جنگی طیارہ شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف کی جانے والی ایک فضائی کارروائی میں شریک تھا جس کے دوران ایک بم کسی تیکنیکی خرابی کی وجہ سے فائر نہیں ہوسکا تھا۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق طیارہ مشن مکمل کرنے کے بعد بغداد میں اپنے ہوائی اڈے کی جانب واپس آرہا تھا جب مذکورہ بم مشرقی بغدادکے رہائشی علاقے نیریاہ پر جا گرا۔

حکام کا کہناہے کہ بم گرنے کےنتیجے میں علاقے کے کئی گھر تباہ اور کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔علاقہ مکینوں نے حادثے میں سات افراد کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

خیال رہے کہ عراقی فوج اپنے اتحادی شیعہ لشکروں کی مدد سے ملک کے وسیع مغربی اور شمالی علاقے پر قابض داعش کے خلاف لڑائی میں مصروف ہے جس میں اسے امریکہ کی قیادت میں بننے والے بین الاقوامی اتحاد کی فضائی مدد بھی حاصل ہے۔

عراقی فوج اور شیعہ رضاکاروں نے گزشتہ روز بغداد کے مغرب میں واقع داعش کے زیرِ قبضہ شہر فلوجہ کو جانے والی ایک اہم شاہراہ پر قبضہ کرلیا تھا۔

تاہم عراقی فوج کی جوابی کارروائیوں اور بین الاقوامی اتحاد کے مسلسل فضائی حملوں کے باوجود عراق کی سرکاری تنصیبات پر داعش کے جنگجووں کے حملے جاری ہیں اور تنظیم کا اپنے زیرِ قبضہ علاقوں پر کنٹرول بھی بدستور مستحکم ہے۔

XS
SM
MD
LG