رسائی کے لنکس

پاکستان سپر لیگ: اسلام آباد یونائیٹڈ فائنل میں پہنچ گئی


فائل
فائل

اسلام آباد کی بیٹنگ کی خاص بات شرجیل خان کی جارحانہ اننگز تھی جنہوں نے پاکستان سپر لیگ کی پہلی سنچری اسکور کی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

دبئی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے 'پلے آف' مرحلے کے تیسرے اور آخری میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ پشاور زلمی کو 50 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی جس نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔

اسلام آباد کی بیٹنگ کی خاص بات شرجیل خان کی جارحانہ اننگز تھی جنہوں نے پاکستان سپر لیگ کی پہلی سنچری اسکور کی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

شرجیل نے 62 گیندوں پر 117 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی اننگز میں آٹھ چھکے اور 12 چوکے بھی شامل تھے۔

جواباً 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم 18 اوورز میں 126 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔زلمی کی جانب سے اوپنر کامران اکمل 45 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ کپتان شاہد آفریدی نے 17 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔

زلمی کا کوئی اور کھلاڑی ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عمران خالد نے چار اور آندرے رسل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان سپر لیگ کا فائنل 23 فروری کو کھیلا جائے گا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔

XS
SM
MD
LG