رسائی کے لنکس

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دے دی


یہ میچ کراچی کنگز کے لیے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کا آخری میچ ثابت ہوا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اتوار کو پشاور زلمی کے خلاف میدان میں اترے گی۔

پاکستان سپر لیگ کے آخری مرحلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے کراچی کنگز کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

ہفتہ کو دبئی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد نے ٹاس جیت کر کراچی کو بیٹنگ کی دعوت دی جو مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

یہ پی ایس ایل مقابلوں میں کسی بھی ٹیم کی طرف سے بنایا جانے والا کم ترین اسکور تھا۔

کراچی کنگز کی طرف سے کپتان روی بوپارا 37 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

اسلام آباد یونائٹڈ کے محمد سمیع نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور محض آٹھ رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ رسل نے دو جب کہ محمد عرفان اور سیموئل بدری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آسان ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ابتدائی بلے باز شرجیل خان صرف نو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن اسمتھ اور ہیڈن نے ذمہ داری کے ساتھ ساتھ جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ دونوں نے بالترتیب 50 اور 52 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی۔

محمد سمیع کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ میچ کراچی کنگز کے لیے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کا آخری میچ ثابت ہوا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اتوار کو پشاور زلمی کے خلاف میدان میں اترے گی۔

اس میچ کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ فائنل کھیلے گی جو کہ پہلے ہی پشاور زلمی کو شکست دے کر فیصلہ کن مقابلے میں اپنی جگہ بنا چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG