رسائی کے لنکس

ملتان سلطان نے’دفاعی چیمپئن ‘ کو 5 وکٹ سے ہرا دیا


ملتان سلطان نے پی ایس ایل فور کے ’فورتھ‘ میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ کو پانچ وکٹ سے ہرا دیا۔ ملتان سلطان کو میچ جیتنے کے لئے 126رنز کا چھوٹا ہدف ملا تھا جو اس نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ اوورز سے آٹھ بالز پہلے ہی حاصل کرلیا۔ میچ کی خاص بات شعیب ملک کی بیٹنگ رہی جنہوں نے سب سے زیادہ اسکور کیا ۔

شان مسعود نے 26، شعیب ملک نے 31، رسل اور شاہد آفریدی نے 16، 16، حماد اعظم نے 14اور ایوان نے 15رنز بنائے ۔

ملتان سلطان کی جانب سے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے چارلس جنہوں نے کوئی رن اسکور نہیں کیا تھا کہ وقاص مقصود نے انہیں رونکی کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔

دوسری وکٹ کے طور پر شان مقصود آؤٹ ہوئے جنہوں نے 26 رنز بنائے تھے۔

ملتان کو تیسرا نقصان ایوان کے آؤٹ ہونے کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہوں نے 15 رنز اسکور کئے تھے۔

چودہ اوورز کا کھیل مکمل ہونے تک ملتان سلطان نے تین وکٹ کے نقصان پر 75 رنز ہی بنالئے تھے۔ شعیب ملک نے اس وقت تک 17 اور حماد اعظم نے 14 رنز بنائے تھے۔

حماد کو شاداب خان نے 14رنز پر بھی ایل بی ڈبلیو کردیا۔ یوں ملتان سلطان کی چوتھی وکٹ گری۔

اگلی وکٹ کے طور پر آندرے رسل بیٹنگ کے لئے آئے۔ ان کے آنے سے رنز بنانے میں کچھ تیزی آئی کیوں کہ رسل نے چھکے بھی لگائے اور چوکے بھی۔ شعیب ملک اور رسل نے ملک کر اسکور 100رنز تک پہنچایا۔

رسل ابھی مزید لمبے لمبے چھکے لگانے کے موڈ میں تھے کہ محمد سمیع نے انہیں 16 رنز پر آؤٹ کردیا۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 101رنز تھا جبکہ ہدف تک پہنچنے کے لئے ملتان سلطان کو مزید 25 رنز درکار تھے۔

رسل کے آؤٹ ہونے کے بعد آفریدی نے ’مورچہ‘ سنبھالا۔ انہوں نے اچھی حکمت عملی کے تحت شعیب ملک کو زیادہ کھیلنے کا موقع دیا جس کا شعیب نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

اسلام آباد یونائٹیڈ کی طرف سے پاٹل، وقاص مقصود، فہیم اشرف، شاداب خان اور محمد سمیع نے بالنگ کرائی۔

شاداب خان نے دو اور مقصود اور سمیع نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اسلام آباد کے بیٹسمین نہ چل سکے، ملتان کو 126 رنز کا ہدف

اس سے قبل اسلام آباد یونائٹیڈ کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پر 125 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اس طرح ملتان سلطان کو یہ میچ جیتنے کے لئے 126 رنز کا نہایت آسان ہدف ملا ہے۔ اب تک ہونے والے تمام میچوں میں یہ سب سے کم رنز کا ہدف ہے۔

کم اسکور کرنے کی بڑی وجہ جہاں ملتان کے بالرز کی اچھی گیندبازی اور قابل ذکر فیلڈنگ رہی وہیں اسلام آباد کے بیٹسمین کی سست رفتار بیٹنگ اور خراب پرفارمنس رہی۔

سوائے رونکی کے کوئی بھی بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ کئی مواقع پر ایسا لگا کہ بیٹسمین 20،20 کے بجائے ٹیسٹ یا ون ڈے سمجھ کر کھیل رہے ہیں۔

کھیل کے آغاز پر ملتان سلطان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد یونائٹیڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

ٹاس جیت کر میڈیا سے گفتگو میں شعیب ملک نے بتایا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔موریس اور محمد الیاس کی جگہ علی شفیق اور جانس چارلس کو لیا گیا ہے ۔

ادھر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتے تو بھی پہلے فیلڈنگ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور وہی ٹیم میدان میں اترے گی جو پہلے میچ میں لاہور قلندرز کے خلاف کھیلی تھی ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز لیوک رونکی اور رضوان حسین نے کیا لیکن ٹیم کا اسکور ابھی 25 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ رضوان حسین صرف چار رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ان کی وکٹ محمد عرفان کے ہاتھ آئی۔

رضوان کی جگہ لی کیمرون ڈلپورٹ نے ۔ لیکن کافی دیر کریز پر کھڑے رہنے کے باوجود ڈلپورٹ کوئی رن نہ بناسکے اور علی شفیق ان کی وکٹ لے اڑے۔ یوں اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے کے ساتھ ہی اسلام آباد کی دوسری وکٹ بھی گر گئی۔

اسلام آباد کی طرف سے جس بیٹسمین نے اسکور کو بڑھانے کی مسلسل کوششیں جاری رکھی وہ رونکی ہیں۔ انہوں نے پانچ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے تیز رفتاری کے ساتھ نصف سنچری بنائی۔

ملتان سلطان نے اپنے جن بالرز کو آج طبع آزمائی کی دعوت دی ان میں محمد عرفان ، کرس گرین، علی شفیق، جنید خان اور آندرے رسل شامل ہیں۔ آندرے رسل نے اپنے پہلے اوور میں رونکی کو 20 رنز دیئے۔ یہ سب سے مہنگا اوور ثابت ہوا۔

لیکن رسل کے بعد جیسے ہی شاہد آفریدی بالنگ اینڈ پر آئے رونکی 51رنز پر آؤٹ ہوگئے اور یوں آفریدی کو ایک بڑا نقصان پہنچانے کا کریڈیٹ ملا۔

رونکی کی جگہ آنے والی کھلاڑی فلپس سالٹ تھے تاہم اسی اثنا میں طلعت صرف سات رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کا کیچ شاہد آفریدی نے لیا جبکہ بالر تھے جنید خان۔

حسین طلعت کے بعد شاداب خان کھیلنے آئے جبکہ دوسرے اینڈ پر فلپس سالٹ پہلے سے موجود تھے لیکن سالٹ کو بھی شاہد آفریدی نے زیادہرنز بنانے کا موقع نہیں دیا اور بولڈ کردیا۔ اس وقت تک دس اوورز کے کھیل میں نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

شاداب کان کا ساتھ دینے کے لئے سالٹ کی جگہ محمد آصف کھیلنے آئے لیکن وہ بھی ناکام ثابت ہوئے اور صرف دو رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ یوں اسلام آباد کی چھ وکٹس سو سے بھی کم رنز پر آؤٹ ہوگئیں۔

ساتویں وکٹ کی حیثیت سے سمت پاٹل میدان میں آئے جنہوں نے رنز بنانے کی رفتار کے بجائے وکٹس روکنے کی پالیسی اپنائی جس کے نتیجے میں کھیل نہ صرف سست روی کا شکار ہوا بلکہ 16 اوورز کا کھیل ختم ہونے کے باوجود مجموعی اسکور سو رنز نہیں ہوسکا۔

شاداب خان بھی چونکہ بالر ہیں لہذا انہوں نے بھی اسکور کی رفتار بڑھانے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا اور صرف 15 رنز بناکر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔

فہیم اشرف اور سمیت پاٹل نے آٹھویں وکٹ کے طور پر بیٹنگ کی لیکن وہ بھی خاطر خواہ اسکور نہ کرسکے۔ دونوں کھلاڑی 20،20 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطان کی جانب سے علی شفیق، شاہد آفریدی اور جنیدخان نے 2،2 وکٹس لیں جبکہ محمد عرفان نے ایک وکٹ لی ۔

ملتان سلطان کی ٹیم :
شان مسعود، جانس چارلس ، لیوری ایوانس، شعیب ملک، آندرے رسل، شاہد آفریدی، حماد اعظم، کرس گرین، جنید خان،محمد عرفان اور علی شفیق۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ٹیم ممبرز:
لیوک رونکی، رضوان حسین، کیمرون ڈلپورٹ، فلپس سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، فہیم اشرف، سمیت پاٹل، شاداب خان، محمد سمیع اور وقاص مقصود۔

پوائنٹس ٹیبل
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو اسلام آباد پہلا میچ جیت کر پہلے ہی دوپوائنٹ حاصل کرچکی ہے جبکہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بھی دو ، دو پوائنٹس ہیں۔

ان کے مقابلے میں میچ ہارنے والی ٹیموں یعنی پشاور زلمی، لاہور قلندرز اور ملتان سلطان نے ابھی تک کوئی میچ نہیں جیتا اس لئے اس کے میں کوئی پوائنٹ بھی شامل نہیں۔

اس میچ کے بعد آج کا دوسرا اور ایونٹ کا پانچواں میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG