رسائی کے لنکس

کراچی کنگز کی ملتان سلطان کے خلاف سات رنز سے فتح


پاکستان سپر لیگ کے تحت دبئی میں کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے درمیان ہونے والا میچ کراچی کنگز نے سات رنز سے جیت لیا۔

کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 184 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 176 رنز بنا سکی۔

ملتان سلطان کی جانب سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور مورس نے کیا۔ تاہم، ابھی پانچ ہی رنز بنے تھے کہ مورس آؤٹ ہوگئے۔

ان کی جگہ ایوان کھیلنے آئے لیکن جس وقت ٹیم کا اسکور 52 رنز ہوا شان مسعود بھی محمد عامر کی بال پر انگرام کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، جبکہ شان مسعود کو عمر خان نے محمد عامر کے ہاتھوں کیچ کرایا۔

شعیب ملک اور ایوانس نے جم کر بیٹنگ کی اور ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا۔ دونوں نے زبردست شاٹس کھیلے۔ تاہم، 124 رنز کے مجموعی اسکور پر ایوانس 49 پر رن آؤٹ ہوگئے۔

ان کی جگہ آندرے رسل کھیلنے آئے۔ رسل نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے سب کو متاثر کیا اور امید تھی کہ وہ ایک بڑا اسکور بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ لیکن وہ 9 رنز پر ہی محمد رضوان کے ہاتھوں محمد عامر کی گیند پر کیچ ہوگئے۔

مجموعی طور پر ابھی دو ہی رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ شعب ملک بھی 52 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت تک مجموعی اسکور 139 رنز تھا اور 16 سے زیادہ کا کھیل ہوچکا تھا۔

شاہد آفریدی سے بھی ٹیم کو بڑے اسکور کی امید تھی۔ لیکن وہ 14 رنز پر محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ساتویں وکٹ کے روپ میں حماد 12رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور یہ وکٹ بھی محمد عامر کے ہاتھ آئی۔

گرین بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف چھ رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد جنید خان آئے مگر محمد الیاس جو ابھی اپنا کھاتا بھی نہیں کھول سکے تھے صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی وکٹ سہیل خان نے لی۔

جنید خان اور بوپرا کا اسکور بالترتیب چار اور تین رنز رہا۔ وہ دونوں آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

باقی ٹیم 9 وکٹ کے نقصان پر 176 رنز بناسکی اور کراچی کنگز نے یہ میچ سات رنز سے جیت لیا۔

ملتان سلطان نے چھ بالرز استعمال کئے۔ عماد وسیم، محمد عامر، سہیل خان، عمر خان، شنواری اور بوپرا۔ ان میں سے محمد عامر نے چار، سہیل خان نے دو اور عمر خان و شنواری نے ایک ایک وکٹ لیا۔

کراچی کنگز 183 رنز پر آؤٹ، ملتان سلطان کو آسان ہدف

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے تحت دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے درمیان کھیلے گئے دوسرے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ان کی پوری ٹیم 183 رنز ہی اسکور کرسکی ۔ ملتان سلطان کو یہ میچ جیتنے کے لئے 184 رنز کا نسبتاً آسان ہدف ملا ہے۔

لیام لیونگ اسٹون اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا ۔ اس دوران دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ دونوں کی جانب سے دھواں دھار بیٹنگ دیکھنے کو ملی۔ دونوں کے اسکور میں ایک کے بعد ایک پڑنے والے چھکے اور چوکے شامل تھے حالانکہ اس دوران بابر اعظم کی ٹانگ میں چوٹ بھی لگی تاہم انہوں نے میدان نہیں چھوڑا۔

لیکن اوپنرز کے آؤٹ ہوتے ہی مڈل آرڈر فیل ہوگیا۔ باقی تمام کھلاڑی ایک ایک کرکے آؤٹ ہوتے چلے گئے اور یوں پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 183 رنز ہی بناسکی۔

کراچی کنگز کو پہلا نقصان اس وقت پہنچا جب 16 اوور کا کھیل جاری تھا کہ لیونگ، گرین کی بال پر رسل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ ان کا مجموعی اسکور 82 رنز تھا جبکہ انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر 150 سے زائد رنز کی پارٹنر شپ کی۔

لیونگ جس وقت آؤٹ ہوئے ان کی ٹیم یعنی کراچی کنگز کا مجموعی اسکور 157رنز تھا۔ ان کی جگہ انگرام کھیلنے کے لئے میدان میں آئے۔ تاہم انگرام ایک ہی رن بنا سکے اور واپسی کی راہ لی۔ انہیں رسل کی بال پر شان مسعود نے کیچ کیا۔

لیونگ کے آؤٹ ہونے کے بعد شاید بابر اعظم کا بھی دل کریز پر نہیں لگا اور وہ سنچری مکمل کئے بغیر ہی 77 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی جگہ سکندر رضا نے سنبھالی لیکن اس دوران عماد وسیم چار رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

ان کے بعد سکندر رضا بھی چار رنز ہی بناسکے جبکہ بوپارہ 3 اور سہیل خان چار رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطان کی جانب سے 6 بالرز نے کراچی کنگز کے بیٹسمین کے خلاف طبع آزمائی کی ۔ ان میں محمد عرفان ، گرین، جنید خان، شاہد آفریدی ، رسل اور محمد الیاس شامل تھے ۔ گرین نے تین اور جنید خان اور رسل نے ایک ایک وکٹ لی۔

مجموعی طور پر اوپنرز بابر اعظم اور لیونگ اسٹون کی 157رنز کی ریکارڈ ساز شراکت کے باعث کراچی کنگز ملتان سلطانز کو جیت کے لئے184 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب رہی ورنہ اگر یہ دونوں کھلاڑی یا ان میں سے کوئی ایک بھی نہ چل پاتا تو صورتحال مختلف ہوتی۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے اپنی بیٹنگ لائن پر بھروسہ کرتے ہوئے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیاتھا لیکن مڈل آرڈر بالکل ناکام ثابت ہوا ۔

اوپنرز نے کپتان کے فیصلے کی لاج رکھی اور پراعتماد و دھواں دار آغاز فراہم کیا۔ دونوں بیٹسمینوں نے حریف ٹیم کے کسی بھی بولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کھل کر اسٹروک کھیلے۔

بابر اعظم اور لیونگ اسٹون نے157 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت داری قائم کی جو پی ایس ایل میں کسی بھی ٹیم کی کسی بھی وکٹ کے لئے سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور شین واٹسن نے 2016ء میں لاہور قلندرز کے خلاف پہلی وکٹ کی شراکت میں 153رنز بنائے تھے۔

لیونگ اسٹون 190 اعشاریہ 69 اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 43 گیندوں پر 82 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

ایونٹ میں یہ کراچی کنگز کا دوسرا بڑا اسکور ہے، اس سے قبل اس نے ملتان سلطانز ہی کے خلاف تین وکٹوں پر 188 رنز بنائے تھے۔

ایونٹ میں کراچی کنگز کا لاہور قلندر کے خلاف پلہ بھاری ہے، دونوں ٹیمیں چھ مرتبہ آمنے سامنے آئیں، چار مرتبہ جیت کراچی کنگز کا مقدر بنی جبکہ دو میچز لاہور قلندرز کے نام رہے۔

کراچی کنگزکے کھلاڑی
عماد وسیم(کپتان)، بابر اعظم،کولن انگرام،سہیل خان ، عمر خان ، محمد عامر،عثمان شنواری،محمد رضوان، لیام لیونگ اسٹون، روی بوپرااور سکندر رضا۔

ملتان سلطانزکی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے :
شعیب ملک (کپتان)، شاہد آفریدی، آندرے رسل، لاری ایوانز، ، جنید خان، کرس گرین، ٹام مورس، شان مسعود، محمد عرفان اور محمد الیاس۔

آج کے میچ کی کچھ خاص باتیں :
شعیب ملک نے 28گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے 52رنز بنائے۔

آندرے رسل 4 گیندوں پر 9 رنز کی اننگز کھیل کر محمد عامر کی باہر جاتی ہوئی بال سے چھیڑچھاڑ کرنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

لاری ایونس رن لینے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوابیٹھے، وہ 125 اعشاریہ 64 اسٹرائیک ریٹ سے 39 گیندوں پر برق رفتار 49 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 7 چوکے بھی شامل تھے۔

دوسری وکٹ کی شراکت میں شان مسعود اور لاری ایونس نے 47رنز جوڑے۔

کراچی کنگز کی طرف سے محمد عامر سے سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 25رنز دے کر 4 وکٹیں لیں جبکہ سہیل خان نے اپنے آخری اوور میں لگاتار دو گیندوں پر پہلےگرین اوراس کے بعد محمد الیاس کو آؤٹ کیا۔

محمد عامر نے بھی ایک اوور میں دو کھلاڑیوں پہلے شاہد آفریدی کو 14 رنز اور پھر حماد اعظم کو 12 رنز پر آؤٹ کیا ۔

آج کا دوسرا میچ
آج رات کو ہی پی ایس ایل کا تیسرا اور آج کا دوسرا میچ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ گزشتہ روز ایونٹ کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

XS
SM
MD
LG