رسائی کے لنکس

لیبیا: داعش سرطے کے ریگستان میں پھر سے سرگرم


ریگستانی فوجی دستے کے بارے میں معلومات، لیبیا کے سرکاری دفترِ استغاثہ کے مطابق، داعش کے ایک لڑاکے سے حاصل کی گئی ہے جو گذشتہ ہفتے ودای صغیر پر کی گئی امریکی فضائی کارروائی کے دوران زخمی ہوا اور پکڑا گیا

حکام اور ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ ایسے وقت جب داعش کے گروپ کو شام اور عراق میں یکے بعد دیگرے فوجی شکستوں سے سابقہ پڑ رہا ہے، گروپ اب جنگ زدہ لیبیا میں پھر سے سر اٹھانے پر تُلا ہوا ہے، اس امید کے ساتھ کہ وہاں وہ پھر سے طاقت ور بنے گا اور ملک کے ریگستان میں منظم ہوجائے گا۔

طرابلس میں صدیق الثور پبلک پرازیکیوٹر کے دفتر کے سربراہ ہیں۔ اُنھوں نے جمعرات کو اخباری نمائندوں کو بتایا کہ سرگرم عمل داعش کے شدت پسند ملک میں ''رگستانی فوج'' کے دستے کے سائے تلے متحرک ہیں، جو اُنھوں نے اُس وقت تشکیل دیا جب اُنھیں گذشتہ سال بحیرہ روم کے کنارے واقع سرطے کے اُن کے مضبوط ٹھکانے سے نکالا گیا۔

ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کے دوران، الثور نے بتایا کہ ''اب لیبیا کے جنوبی علاقہ جات میں اُن پر نظرداری رکھی جا رہی ہے''۔

الثور نے بتایا کہ ریگستانی علاقے میں داعش کے شدت پسندوں کی قیادت عراقی شہری، عبدل القادر النجدی کر رہے ہیں، جن کو ابو معاذ التکریتی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ داعش کے دیگر رہنما اُن کے حامی ہیں، جن میں محمود البورسی اور ہاشم ابو صد شامل ہیں۔

الثور کے بقول ''اِن میں سے زیادہ تر رہنما القاعدہ کے ارکان ہیں اور شام اور عراق کی جانب گئے ہوئے ہیں جہاں سے اُنھوں نے لیبیا کی جانب واپسی کا سفر اختیار کر رکھا ہے''۔

اُنھوں نے کہا کہ لیبیا کے سرکاری دفترِ استغاثہ نے ریگستانی فوجی دستے کے بارے میں معلومات داعش کے ایک لڑاکے سے حاصل کی جو گذشتہ ہفتے ودای صغیر پر کی گئی امریکی فضائی کارروائی کے دوران زخمی ہوا اور پکڑا گیا۔


فضائی کارروائیاں


اس ہفتے امریکی فوج نے لیبیا میں داعش کے خلاف متعدد فضائی کارروائیاں کی ہیں۔

منگل کے روز سرطے سے 100 میل دور جنوب مشرقی علاقے میں ہونے والی دو فضائی کارروائیوں میں داعش کے ''متعدد'' لڑاکے ہلاک ہوئے۔ یہ بات افریقہ کے بارے میں امریکی کمان نے ایک سرکاری بیان میں کہی ہے، جو براعظم پر امریکی فوجی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

گذشتہ جمعے کو اِسی قسم کی چھ امریکی فضائی کارروائیوں میں داعش کے 17 ارکان ہلاک ہوئے، جب کہ اُن کی تین گاڑیاں تباہ کی گئیں۔ افریقی کمان کے مطابق، یہ سرطے کے جنوب مشرق میں تقریباً 150 میل کے فاصلے پر ایک ریگستانی کیمپ کا علاقہ ہے۔

XS
SM
MD
LG