رسائی کے لنکس

اسرائیل فلسطین امن بات چیت کی کامیابی کے لیے امریکی کوششیں جاری


امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن، اسرائیل اور فلسطین امن بات چیت عمل کو ناکامی سے بچانے کے لیے ہفتے کو فلسطینی صدر محمود عباس سے نیویارک میں دوسری بار ملاقات کر رہی ہیں۔ اس سے قبل جمعے کو دیر گئے بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی تھی

فلسطین نے دھمکی دے رکھی ہے کہ اگر اسرائیل نے یہودی بستیوں کی تعمیر کی رفتار کو کم کرنے کے معاہدے، جس کی معیاد اتوار کو ختم ہورہی ہے،میں توسیع نہ کی تو وہ بات چیت سے علیحدہ ہوجائے گا۔ اسرائیل نے اس معاہدے میں توسیع سے انکار کرتے ہوئے جمعہ کو کہا ہے کہ اس بارے میں وہ کسی سمجھوتے پر غور کرنے کے لیے تیار ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ فلسطینی انتظامیہ کی طرف سے یہودی بستیوں کی تعمیر کے معاہدے میں توسیع پر دباؤ کے تناظر میں ہلری کلنٹن مسٹر عباس پر زور دیں گی کہ وہ مذاکرات سے علیحدگی کی دھمکی پر عملدرآمد نہ کریں۔

فلسطینی صدر محمود عباس اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کے درمیان براہ راست مذاکرات کا آغاز رواں ماہ کے اوائل میں واشنگٹن میں ہوا تھا۔

امریکی صدر براک اوباما نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں اسرائیل فلسطین امن عمل میں بین الاقوامی برادری کو اپنا کردار ادا کرنے کے لیے کہا تھا۔ انھوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایک سال کے عرصے میں امن معاہدہ ہوجائے گا۔

XS
SM
MD
LG