رسائی کے لنکس

ایران نے اپنی سر زمین سے کارروائی کی تو براہِ راست حملہ کریں گے: اسرائیل


اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے ایران کے حوالے سے دھمکی آمیز بیان جاری کیا ہے۔
اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے ایران کے حوالے سے دھمکی آمیز بیان جاری کیا ہے۔
  • اسرائیلی وزیرِ خارجہ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔
  • ایران شام میں ایرانی قونصلیٹ پر حملے کے لیے اسرائیل کو ذمے دار قرار دیتا ہے اور بارہا جوابی کارروائی کی دھمکی دے چکا ہے۔
  • اسرائیل نے تاحال یکم اپریل کو ہونے والے دھماکے میں ملوث ہونا تسلیم نہیں کیا ہے۔

اسرائیل کے وزیرِ خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے اپنی سرزمین سے اسرائیل کے خلاف کوئی کارروائی کی تو اس پر براہِ راست حملہ کیا جائے گا۔

بدھ کو اسرائیلی وزیرِ خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں ماہ شام میں ایرانی قونصلیٹ میں دھماکے سے ایرانی جنرل کی ہلاکت کے بعد دونوں حریف ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔

وزیرِ خارجہ اسرائیل کاٹز نے سوشل میڈیا پلیٹ فورم ایکس پر عبرانی اور فارسی زبان میں کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ ’’اگر ایران نے اپنی سرزمین سے حملہ کیا تو جواب میں اسرائیل بھی ایران پر حملے کرے گا۔‘‘

اس سے قبل بدھ کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے ایک بیان میں اسرائیل سے شام میں ایرانی قونصلیٹ پر حملے کا انتقام لینے کے عزائم کا اعادہ کیا تھا۔

تہران شام میں اپنے قونصل خانے پر ہونے والے حملے کے لیے اسرائیل کو ذمے دار قرار دیتا ہے۔

اس حملے میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ لیکن اسرائیل نے تاحال اس کارروائی میں ملوث ہونا تسلیم نہیں کیا ہے۔

اس واقعے کے بعد اسرائیل ایران کی جانب سے کسی ممکنہ ردِ عمل کے خلاف تیاری کر رہا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بدھ کو نمازِ عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ قونصل خانے پر حملہ ایرانی سر زمین پر حملے کی طرح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حملے جواب میں اسرائیل کو سزا مل کر رہے گی۔

ایرانی سپریم لیڈر اور اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے اپنے بیانات میں یہ واضح نہیں کیا ہے کہ ان کے ردِ عمل کی نوعیت کیا ہوگی۔

یکم اپریل کو ہونے والے دھماکے میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس کے سات اہل کار، چار شامی اور حزب اللہ ملیشیا کے ایک رکن کی ہلاکت ہوئی تھی۔

خامنہ ای نے اپنے خطاب میں مغربی ممالک، بالخصوص امریکہ اور برطانیہ کو غزہ میں جاری حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی مدد کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایران فلسطینی گروپ حماس اور لبنان کی ملیشیا تنظیم حزب اللہ جیسی اسرائیل مخالف تنظیموں کی حمایت کرتا ہے۔

اس رپورٹ کے لیے زیادہ تر معلومات خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG