رسائی کے لنکس

مغربی کنارے پر جھڑپوں میں 2 فلسطینی ہلاک، تیسرا زخمی


اسرائیلی پولیس حملے میں ملوث فلسطینیوں کو گرفتار کر رہی ہے۔
اسرائیلی پولیس حملے میں ملوث فلسطینیوں کو گرفتار کر رہی ہے۔

جمعے کے روز مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک اسرائیلی اڈے پر حملہ کرنے والے دو فلسطینیوں کو، اسرائیلی فوج نے گولی مار کر ہلاک اور تیسرے کو زخمی کر دیا۔ فلسطینیوں نے اڈے پر حملہ کرتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی تھی۔ پر تشدد جھڑپوں کا یہ سلسلہ یروشلم میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی تازہ ترین کڑی ہے۔

اسرائیلی آبادکاروں کے ساتھ طویل قانونی لڑائی کے بعد درجنوں فلسطینیوں کو مشرقی یروشلم کے مضافات سے نکال دیئے جانے کے خطرے کا سامنا ہے۔

ماہ رمضان کے آغاز سے تقریبا روزانہ ہی احتجاج کرنے والے فلسطینیوں اور اسرائیلی پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوتی آ رہی ہیں۔

جاری بدامنی کے اثرات علاقے بھر پر پڑے ہیں۔ ہمسایہ ملک اردن نے اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ مزید ''اشتعال انگیز ''اقدامات سے گریز کیا جائے، جب کہ ایران نے یروشلم کے حساس معاملے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہنگامہ آرائی کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ 3 فلسطینی حملہ آوروں نے مغربی کنارے کے شمال میں واقع جنین کے قصبے میں واقع ایک اڈے پر حملہ کیا۔ سرحدی پولیس اور اسرائیلی فوجیوں نے گولیوں کا جواب دیا، جس دوران 2 حملہ آور ہلاک جب کہ تیسرا زخمی ہوا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

الاقصیٰ میں جمعۃ الوداع کی نماز میں 70،000 افراد نے شرکت کی۔ یہ بات اسلامی نگراں ادارے نے بتائی ہے جو اس مقام پر نگرانی کے فرائض انجام دیتا ہے۔ بعد ازاں، ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس دوران شدت پسند گروپ حماس کے سبز پرچم لہرائے گئے، اور پرامن طور پر منتشر ہونے سے قبل حماس کی حمایت میں نعرے بازی کی گئی۔

بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دنوں میں اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان مزید تصادم کا خطرہ ہے۔

اتوار کو لیلۃ القدر کی رات ہے، جو ماہ رمضان میں مسلمانوں کے لیے با برکت ترین رات سمجھی جاتی ہے، جب عبادت گزار یروشلم کے پرانے شہر میں واقع الاقصیٰ مسجد میں نماز ادا کریں گے۔ یہ مسلمانوں اور یہودیوں کے لیے یکساں طور پر ایک مقدس مقام ہے۔ یہودی اسے ٹیمپل ماؤنٹ کا مقدس مقام کہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG