رسائی کے لنکس

اٹلی نے اسپین کو شکست دے کر یورو 2020 کے فائنل میں جگہ بنا لی


اٹلی کی ٹیم ایک مرتبہ یورو چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔
اٹلی کی ٹیم ایک مرتبہ یورو چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔

اٹلی نے اسپین کو پینالٹی ککس پر دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر دنیائے فٹ بال کے دوسرے بڑے ایونٹ یورو 2020 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان منگل کو لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا سیمی فائنل میچ ابتدا سے ہی سنسنی خیز رہا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے کیے لیکن پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔

دوسرے ہاف میں 60 ویں منٹ پر اٹلی کے فیڈریکو چیسا نے گول کر کے ٹیم کو سبقت دلائی لیکن یہ برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 80ویں منٹ میں اسپین کے الوارو موراتا نے گول کر کے میچ 1-1 سے برابر کر دیا۔

مقررہ وقت کے اختتام تک میچ ایک ایک گول سے برابر رہا اور ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل کا فیصلہ بالاخر پینالٹی ککس پر ہوا۔

اٹلی کی جانب سے پینالٹی ککس پر چار گول کیے گئے جب کہ اسپین کی ٹیم دو گول کر سکی۔ اس طرح ایک مرتبہ یورو کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی اٹلی کی ٹیم تین مرتبہ کی چیمپئن اسپین کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی۔

یاد رہے کہ اٹلی نے پہلی مرتبہ 1968 میں یورپین چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جب کہ اسپین 1964، 2008 اور 2012 میں چیمپئن رہ چکا ہے۔

یورو 2020 کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ اور ڈنمارک کی ٹیمیں جمعرات کو مدِ مقابل ہوں گی اور جیتنے والی ٹیم 11 جولائی کو اٹلی سے فائنل میں مقابلہ کرے گی۔

گیارہ جون سے شروع ہونے والے ایونٹ میں یورپی ملکوں کی 24 ٹیمیں شریک تھیں اور اب تک 43 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق اٹلی اور اسپین کے شہری یورو کپ کے میچز دیکھنے کے لیے برطانیہ میں موجود تھے اور دونوں ملکوں کے تقریباً 20 ہزار باشندوں نے ویمبلے اسٹیڈیم میں سیمی فائنل دیکھا۔

اٹلی اور اسپین کے درمیان سیمی فائنل دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں لگ بھگ 58 ہزار تماشائی موجود تھے۔

XS
SM
MD
LG