رسائی کے لنکس

اٹلی: ڈاکٹر اور اعلیٰ عہدے دار کرونا وائرس میں مبتلا، تعداد 1700 ہو گئی


میلان میں تاریخی گرجا گھر ڈومو گوتھک کیتھڈرل کو دوبارہ کھولے جانے کے بعد ماسک پہنے ایک ٹورسٹ تصویر کھینچ رہا ہے۔ 2 مارچ 2020
میلان میں تاریخی گرجا گھر ڈومو گوتھک کیتھڈرل کو دوبارہ کھولے جانے کے بعد ماسک پہنے ایک ٹورسٹ تصویر کھینچ رہا ہے۔ 2 مارچ 2020

اٹلی میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی صورت حال صحت کے نظام کے لیے اتنی بحرانی ہو گئی ہے کہ انتظامیہ کو مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج کے لیے غیر معمولی اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں، جن میں ریٹائرڈ ڈاکٹروں کو واپس بلانا اور زیرتربیت نرسوں کو وقت سے پہلے گریجوایٹ کرنا شامل ہیں۔

اٹلی کے شمالی علاقے لومبارڈے میں ملک کے کل 1694 تصدیق شدہ مریضوں میں سے 984 کا تعلق اسی علاقے سے ہے۔ اور اس سے بھی زیادہ خطرے کی بات یہ ہے کہ 10 فی صد ڈاکٹر اور نرسیں ڈیوٹی پر نہیں ہیں کیونکہ ان میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد انہیں قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ کم از کم اگلے ہفتے تک کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری رہے گا کیونکہ اس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے نتائج کے اس کے بعد سامنے آنا شروع ہوں گے۔

لومباڈے میں اسپتالوں کے لیے بحرانی کیفیت پیدا ہو چکی ہے کیونکہ لوڈی اور کرمونا کے اسپتالوں میں جگہ نہیں رہی جب کہ نئے مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

لومباڈے کی علاقائی حکومت کے عہدے داروں نے مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ وہ ریٹائرڈ ڈاکٹروں اور نرسوں کو دوبارہ ڈیوٹی پر بلا لیں اور جن زیر تربیت نرسوں کے اگلے مہینے فائنل امتحانات ہونے والے ہیں، انہیں فوری طور پر گریجوایٹ کر کے ڈیوٹی پر بھیج دیا جائے۔

علاوہ ازیں لومباڈے کے پرائیویٹ اسپتالوں نے ایمرجینسی میں ایک درجن سے زیادہ ڈاکٹروں کی خدمات مہیا کرنے اور بوقت ضرورت بیڈ فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔

علاقائی صدر اٹیلیو فونٹانا خود بھی کئی دنوں سے قرنطینہ میں ہیں کیونکہ ان کے ایک اعلیٰ مشیر میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ علاقائی حکومت کے ایک اور ممبر میں پیر کے روز کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

عہدے داروں نے بتایا کہ علاقائی صدر فونتانا قرنطینہ کی وجہ سے دفتر سے باہر کام کر رہے ہیں اور وہیں رہ رہے ہیں۔ تاہم وہ ویڈو لنک کے ذریعے عہدے داروں سے رابطے میں ہیں اور اپنے سرکاری امور انجام دے ر ہے ہیں۔

لومباڈے اور وینٹو کا شمار کرونا وائرس کا سب سے زیادہ نشانہ بننے والے اٹلی کے دو علاقوں کے طور پر کیا جا رہا ہے جہاں اسکول بدستور بند ہیں۔ تاہم میلان کے ڈومو کیتھڈرل کو سیاحوں کے لیے دوبارہ کھولا جا رہا ہے، جس سے زندگی میں کچھ گہماگہمی آنے کی توقع ہے۔

لیکن دوسری جانب امریکی حکومت نے اپنی ٹریول ایڈوائزری میں اٹلی کے غیر ضروری سفر کی ممانعت کر دی ہے جس سے وہاں سیاحت کے شعبے میں بڑی مایوسی پائی جاتی ہے کیونکہ امریکہ سے بڑی تعداد میں سیاح اٹلی کا رخ کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG