رسائی کے لنکس

اٹلی میں کرونا وائرس سے خبردار کرنے والی ایپ تیار


اٹلی کے متعدد علاقوں میں جلد ایک موبائل ایپ متعارف کرائی جائے گی جس سے کرونا وائرس میں مبتلا افراد کا علم ہوسکے گا۔ یہ ملک بھر میں ہر شخص کو دستیاب ہوگی اور لوگ اسے رضاکارانہ طور پر استعمال کریں گے جبکہ ان کی شناخت ظاہر نہ ہونے ضمانت ہوگی۔

اس ایپ کا نام 'امیونی' رکھا گیا ہے اور اسے اٹلی کی وزارت آئی ٹی کی تجویز پر بنایا گیا ہے۔

اسے تیار کروانے والے حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایپ 29 مئی سے موبائل فون میں ڈاؤن لوڈ کی جاسکے گی۔ اس کی مدد سے کرونا وائرس میں مبتلا افراد اور ان سے رابطے میں آنے والے لوگوں کے بارے میں جاننے میں تیزی آسکے گی۔

وزارت کے چیف ٹیکنالوجی افسر پاؤلو ڈی روزا نے کہا کہ یہ ایپ روایتی طریقوں سے مختلف ہے جن میں آپ کو لوگوں کو شناخت کرنا پڑتا ہے۔ یہ ایپ صرف خبردار کرے گی کہ آپ کسی ایسے شخص سے رابطے میں آنے والے ہیں جو کرونا وائرس میں مبتلا ہے۔

اس ایپ کی بدولت لوگ یہ جان سکیں گے کہ وہ وائرس سے محفوظ ہیں یا کسی خطرے کی زد میں آچکے ہیں۔ عام صورتوں میں لوگ لاعلم رہتے ہیں اور بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انھیں پتا چلتا ہے۔ اب وہ کرونا وائرس میں مبتلا مریض سے رابطے میں آتے ہی ڈاکٹر سے رجوع کرسکیں گے۔

ڈی روزا نے کہا کہ یہ ایپ نجی معلومات کا تحفظ کرتی ہے اور سے یقینی بنانے کے لیے خاص اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس ایپ کو استعمال کرنے والوں کو شناخت کرنا بے حد مشکل ہوگا۔ صارف کو محض اتنا بتانا پڑے گا کہ وہ کس علاقے کا رہنے والا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس ایپ کو کامیاب بنانے کے لیے ضروری ہے کہ کم از کم 60 فیصد لوگ اسے استعمال کریں۔ بہرحال یہ کارآمد شے اور دنیا میں بہت کم ملک یہ ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں۔

ڈی روزا کے مطابق، ایسی ایپ کا بنانا آسان نہیں تھا اور اس کے لیے محکمہ صحت کے حکام اور نجی معاملات کے تحفظ کے ماہرین سے مدد لی گئی۔ کئی دوسرے ملکوں سے معلومات کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ لیکن کسی کو بھی اندازہ نہیں تھا کہ اس سلسلے کی بہترین ایپ کیسی ہوسکتی ہے۔ اس قدر تیزی سے پھیلنے والے وائرس کو روکنے کے لیے ایسی ہی ایپ درکار تھی جو اتنی ہی تیزی سے وائرس کی زد میں آنے والوں کا پتا چلاسکے۔

XS
SM
MD
LG