رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا کا مراکش میں شاندار استقبال


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی اور وائٹ ہاؤس کی مشیر ایوانکا ٹرمپ ان دنوں مراکش کے دورے پر ہیں جہاں وہ خواتین کو بااختیار بنانے کے امریکی پروگرام کے تحت مختلف تقریبات میں حصہ لے رہی ہیں۔

مراکش پہنچنے پر مقامی خواتین نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ آج جمعرات کے روز مراکش کے دارالحکومت سے شمال میں دو گھنٹے کی مسافت پر واقع صوبے میں انہوں نے مراکش کی چار ایسی خواتین سے ملاقات کی جنہیں زرعی زمین وراثت میں ملی یا پھر انہوں نے خریدی۔

اس ملاقات کے دوران، ایوانکا کا کہنا تھا کہ جب ہم خواتین میں سرمایہ کاری کرتے ہیں تو یہ سرمایہ کاری بالآخر خاندانوں، کمیونٹیز اور ملکوں کی خوشحالی کا باعث بنتی ہے۔

ایونکا ٹرمپ مراکش کے شمالی صوبے میں خواتین زمینداروں سے ملاقات کر رہی ہیں
ایونکا ٹرمپ مراکش کے شمالی صوبے میں خواتین زمینداروں سے ملاقات کر رہی ہیں

’ومنز گلوبل ڈویلپمنٹ اینڈ پراسپیریٹی اینی شی ایٹو‘ سے موسوم اس امریکی پروگرام کی سربراہ ایوانکا خود ہیں اور اس پروگرام کے تحت دنیا کے ترقی پزیر ممالک میں 5 کروڑ خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں خواتین کو مختلف ہنر سکھائے جاتے ہیں اور کامیاب سرمایہ کار بننے میں ان کی مدد کی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ ممالک میں ثقافتی اور قانونی تبدیلیاں کرنے میں مدد فراہم کی جاتی ہے۔

ایوانکا ٹرمپ مراکش کے وزیر اعظم سعد عدن العثمانی کے ساتھ
ایوانکا ٹرمپ مراکش کے وزیر اعظم سعد عدن العثمانی کے ساتھ

مراکش میں زمینوں کی ملکیت کے قوانین میں تبدیلی کر کے خواتین کو اس کا حقدار بنایا گیا ہے۔ ایوانکا کا کہنا تھا کہ ان قوانین کے مؤثر اطلاق میں امریکہ بھرپور تعاون کرے گا۔

ایوانکا نے آج جمعرات کے روز 59 سالہ خاتون عائشہ بورقیب سے ملاقات کی جو گھریلو خاتون ہیں اور ان کے چار بچے ہیں۔ وہ حال ہی میں خریدی گئی اپنی زمین پر زیتون کے درخت اور سبزیاں اگاتی ہیں۔ وہ اپنے گاؤں کیلئے ڈیری کوآپریٹو تشکیل دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔

بورقیب اور دیگر خواتین نے مترجم کے ذریعے ایوانکا ٹرمپ کو بتایا کہ ان کے علاقے میں ہونے والی قانونی اور معاشرتی تبدیلیوں سے انہیں اور ان کے خاندانوں کو بہت فائدہ پہنچا ہے۔

بعد میں صدر ٹرمپ کی بیٹی نے ’میلینیم چیلنج کارپوریشن‘ کی سربراہ اور دیگر خواتین کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران مراکش کی خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنانے کے سلسلے میں مختلف پروگراموں کا جائزہ لیا۔

ایوانکا مراکش کے روایتی لباس میں ملبوس عشائیے میں شرکت کیلئے آ رہی ہیں
ایوانکا مراکش کے روایتی لباس میں ملبوس عشائیے میں شرکت کیلئے آ رہی ہیں

انہوں نے مراکش کے وزیر اعظم سعد عدن العثمانی اور وزیر خارجہ نصر نوریتا سے بھی ملاقات کی۔ آج رات مراکش کی شہزادی لالا مریم نے ان کے اعزاز میں شاہی محل میں عشائیہ دیا جس میں ایوانکا نے مراکش کا روایتی لباس پہن کر شرکت کی۔

XS
SM
MD
LG