رسائی کے لنکس

سرکاری خزانے سے گھر کی تزئین پر جیکب زوما کی معذرت


ٹیلی ویژن کے ذریعے قوم سے خطاب میں جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے کہا کہ ’’میں نے جانتے ہوئے اور دانستہ طور پر آئین کی خلاف ورزی نہیں کی‘‘۔

جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے سرکاری خزانے سے اپنی نجی رہائشگاہ کی تزئین و آرائش پر دو کروڑ ڈالر کی رقم خرچ کرنے پر معافی مانگی ہے۔

تاہم اُنھوں نے اپنے اس فعل پر عہدہ چھوڑنے کی کوئی بات نہیں کی۔

ٹیلی ویژن کے ذریعے قوم سے خطاب میں جیکب زوما نے کہا کہ اُنھوں نے ایسا اچھی سوچ کے ساتھ کیا اور کہا کہ اپنی نجی رہائش گاہ پر ’سوئمنگ پول‘ اور ’ایمپی تھیٹر‘ کی تعمیر کے پیچھے کوئی غلط سوچ نہیں تھی۔

’’میں نے جانتے ہوئے اور دانستہ طور پر آئین کی خلاف ورزی نہیں کی‘‘۔

جنوبی افریقہ کی اعلی عدالت نے کہا کہ ملک کے انسداد بدعنوانی کے محکمے کی تجاویز کو نظرانداز کر کے جیکب زوما نے آئین کی خلاف ورزی کی اور وہ اپنی نجی رہائشگاہ پر خرچ کی جانے والی دو کروڑ ڈالر کی رقم کا کچھ حصہ واپس کریں۔

عدالت کے فیصلے کے مطابق ایک وفاقی ادارہ اس بات کا تعین کرے گا کہ صدر زوما کی نجی رہائشگاہ پر کون سی تعمیرات اُن کی سکیورٹی سے متعلق تھیں اور اُس کے علاوہ بقیہ رقم وہ سرکاری خزانے میں جمع کرائیں گے۔

جنوبی افریقہ میں حزب مخالف کے رہنما جیکب زوما کے خلاف مواخذے کی تحریک کا مطالبہ کر رہے ہیں تاہم بظاہر اس کے امکانات نہیں ہیں۔

مواخذے کے لیے پارلیمنٹ میں دو تہائی اراکین کی حمایت کی ضرورت ہوتی ہے لیکن افریقی نیشنل کانگریس میں جیکب زوما کی جماعت کو اکثریت حاصل ہے۔

صدر جیکب زوما کے خطاب کے بعد افریقی نیشنل کانگریس کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت جیکب زوما کے ساتھ ہے۔

XS
SM
MD
LG