رسائی کے لنکس

طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت


طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

امریکہ میں ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر جینٹ نپولیتانو نے سمندری طوفان آئرین کی زد میں آنے والے علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، اگرچہ طوفان گزر چکا ہے لیکن خطرہ بدستور موجود ہے۔

نپولیتانو نے اتوار کے روز کہا ہے کہ طوفان کی وجہ سے گزرنے والی بجلی کی لائنیں، سیلاب ، جنریٹر کے مسائل اور گِرے ہوئے درخت طوفان کے بعد بدستور خطرہ ہیں۔

آئرین شمال مشرقی امریکہ کے ساحلی علاقوں سے گزر رہا ہے۔ امریکہ میں سکیورٹی کی وزیر نے کہا ہے کہ جنوبی ریاستوں نارتھ کیرولینا اور ورجینیا میں ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

’نیشنل ہری کین سینٹر‘ کا کہنا ہے کہ آئرین نیویارک سے گزرنے کے بعد کمزور ہوگیا ہے اور اب 40کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ہواؤں کی رفتار 95کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

موسم کی پیش گوئی کرنے والوں نے بتایا ہے کہ آئرین اتوار کی سہ پہر جنوبی نیو انگلینڈ میں داخل ہوگا اور اتوار کی رات کینیڈا پہنچے گا۔

دریں اثنا، نیو یارک میں سیلابی پانی کی سطح کم ہو رہی ہے اور ٹراپیکل طوفان آئرین مزید مشرقی سمت بڑھ رہا ہے۔

آئرین کو اتوار کی صبح ٹراپیکل طوفان قرار دیا گیا جب وہ نیو یارک کی سمت بڑھ رہا تھا لیکن زیریں مین ہٹن میں سڑکوں اور ایک سرنگ میں سیلابی پانی داخل ہوگیا، کیونکہ مشرقی اور ہڈسن دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی تھی۔ اِس طوفان میں کم سے کم 11افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جب کہ فضائی ٹریفک مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG