رسائی کے لنکس

پشاور سے جنگ میڈیا گروپ کا ایک عہدیدار اغوا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عابد کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ جنگ گروپ کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن کے طور پر کام کر رہے تھے۔

پاکستان میں نشر و اشاعت کے ایک بڑے ادارے " جنگ گروپ" کے ایک عہدیدار عابد عبداللہ کو نامعلوم افراد نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور سے اغوا کر لیا ہے۔

جنگ گروپ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عابد عبداللہ کو بدھ کی رات اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ حیات آباد میں واقع اخبار کے پرنٹگ پریس سے نکل کر ایک ہوٹل کی طرف جارہے تھے کہ کچھ مسلح افراد نے ان کی گاڑی کا راستہ روک کر انہیں اغوا کر لیا۔

عابد کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ جنگ گروپ کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن کے طور پر کام کر رہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ اپنے دفتری امور کے سلسلے میں ایک روز قبل ہی لاہور سے پشاور پہنچے تھے جہاں وہ شہر کے ایک ہوٹل میں مقیم تھے۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے اس واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابھی تک کسی فرد یا تنظیم نے اس اغوا کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

عابد کے ڈرائیور ظفر حسین نے پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ جب وہ واپس ہوٹل کی طرف جارہے تھے تو دو گاڑیوں میں سوار چھ سے آٹھ مسلح افراد نے عمر گلاس فیکٹری کے قریب ان کی گاڑی کو روک لیا۔ ان میں سے تین افراد ان کے ساتھ گاڑی میں بیٹھ گئے اور انہیں گاڑی چلانے کے لیے کہا اور کچھ دیر کے بعد انھوں نے گاڑی رکوائی اور عابد کو اپنے ساتھ لے گئے۔

خیبر پختونخواہ کی پولیس کے سربراہ ناصر خان درانی کا کہنا ہے کہ پولیس اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے اور عابد عبداللہ کی جلد بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

پاکستان میں اغوا کے واقعات اکثر رونما ہوتے رہتے ہیں اور گزشتہ چند سالوں کے دوران ان میں اضافہ ہوا ہے جن میں نا صرف عام شہری اور سرکاری اہلکار نشانہ بنے بلکہ ملک کے مختلف شہروں میں صحافیوں اور نشر و اشاعت کے اداروں سے وابستہ افراد کو بھی اغوا کیا جاتا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG