رسائی کے لنکس

جاپان: سمندری طوفان سے تباہی، ہلاکتوں کی تعداد 70 ہو گئی


جاپان میں سمندری طوفان کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
جاپان میں سمندری طوفان کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

جاپان میں سمندری طوفان 'ہیگی بس' کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق طوفان کے باعث 70 افراد ہلاک جب کہ ہزاروں بے گھر ہو گئے ہیں۔

جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے 'این ایچ کے' کے مطابق سمندری طوفان کے بعد سے درجنوں افراد اب بھی لاپتا ہیں جن کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔

طوفان کے باعث زیادہ تر اموات مٹی کے تودے گرنے اور گاڑیوں و مکانات کے پانی میں بہہ جانے کے سبب ہوئیں۔

جاپان کے وزیر اعظم شینزو ایبے کا کہنا ہے کہ حکومت کا امدادی سرگرمیاں روکنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ متاثرین کی امدادی کارروائیوں میں ایک لاکھ دس ہزار پولیس، کوسٹ گارڈز اور فوجی اہل کار حصہ لے رہے ہیں۔

جاپانی وزیرِ اعظم نے پارلیمان سے خطاب میں بتایا کہ امدادی ٹیمیں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔ جن علاقوں سے دریاؤں میں شگاف پڑا انہیں پُر کیا جا رہا ہے۔ جہاں سیلاب کا پانی جمع ہے اسے نکالا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں سے اب تک 3 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

ہزاروں افراد امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
ہزاروں افراد امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

ہفتے کے روز آنے والے سمندری طوفان کے باعث جاپان کے بڑے حصے میں تباہی ہوئی تھی۔ دارالحکومت ٹوکیو میں بھی سیلابی صورتِ حال کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہو گیا تھا۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ منگل کے روز طوفان سے متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

سمندری طوفان 'ہیگی بس' 134 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے جاپان کے مختلف علاقوں سے ٹکرایا تھا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ نقصان طوفان کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے ہوا ہے۔

بجلی کا نظام معطل اور پانی کی قلت

حکام کے مطابق طوفان سے متاثرہ علاقوں میں 34 ہزار سے زائد گھروں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔ جب کہ ایک لاکھ 33 ہزار سے زائد گھروں میں پانی بھی میسر نہیں ہے۔

ہزاروں افراد نے پیر کی شب سرکاری پناہ گاہوں میں بسر کی۔ جب کہ متاثرہ افراد گھروں کو واپسی کے حوالے سے بھی غیر یقینی صورتِ حال سے دوچار ہیں۔

حکومت نے متاثرہ علاقوں میں نظام زندگی کی بحالی کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
حکومت نے متاثرہ علاقوں میں نظام زندگی کی بحالی کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

حکومت کا امدادی کا اعلان

جاپان کی حکومت نے سمندری طوفان کی تباہ کاریوں سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی پیکج کا بھی اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم سینزو ایبے نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی اور شہریوں کی آباد کاری کے لیے حکومت وسائل مہیا کرے گی۔ تاہم انہوں نے امدادی رقم کے حوالے سے تفصیلات نہیں دیں۔

حکومت کی جانب سے اس خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی اور یہاں معاشی سرگرمیوں کے آغاز میں وقت لگ سکتا ہے۔ لہذٰا شہریوں کی ضروریات زندگی پوری کرنے کے لیے حکومت اقدامات کرے گی۔

XS
SM
MD
LG