رسائی کے لنکس

ٹیلی فون کمپنی کو ہزاروں کالز کرنے والا جاپانی شہری گرفتار


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

جاپان میں پولیس نے ایک ضعیف العمر شخص کو اس الزام میں گرفتار کیا ہے کہ اس نے ٹیلی فون سروسز فراہم کرنے والی ایک کمپنی کو شکایت درج کرانے کے لیے ہزاروں فون کالز کی ہیں۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پولیس اور مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اکیتوشی اوکاموتو نامی شخص ٹیلی فون کمپنی کو یہ شکایت درج کرانا چاہتا تھا کہ کمپنی نے اس کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

اس مقصد کے لیے اس نے ایک ہفتے کے دوران کسٹمر کیئر سروسز کے نمائندوں کو 24 ہزار مرتبہ فون کیا۔

ٹوکیو پولیس کے مطابق اکیتوشی اوکاموتو کی عمر 71 برس ہے اور انہوں نے کسٹومر سروس کو سیکڑوں ٹول فری کالز کیں۔ لہٰذا انہیں کاروبار میں رکاوٹ بننے کے الزام کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص نے ہزاروں کالز عوامی مقامات پر لگائے گئے پبلک فونز سے کیں اور وہ کمپنی کو صرف یہ بتانا چاہتا تھا کہ وہ کمپنی سے ناراض ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اکیتوشی نے کسٹمر سروس کے نمائندوں سے بدتمیزی بھی کی۔

ٹوکیو پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ اکیتوشی کا مطالبہ تھا کہ فون کمپنی کا عملہ ان سے کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کے لیے ان کے پاس آ کر معافی مانگے۔

پولیس کے مطابق اکیتوشی نے سیکڑوں مِس کالز بھی کیں اور کئی مرتبہ ایسا بھی ہوا کہ کسٹمر سروس کے نمائندوں کے فون اٹھاتے ہی اس نے کال کاٹ دی۔

خیال رہے کہ جاپان میں بزرگ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ بڑھتی عمر کے افراد کی تعداد نوجوانوں کے مقابلے میں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ماہرین اس کا ایک سبب بچے پیدا نہ کرنے کے بڑھتے رجحان کو بھی قرار دیتے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق جاپان میں ضعیف العمر افراد کے گاڑی چلانے کی وجہ سے ٹریفک حادثوں میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اکثر بزرگ ڈرائیور ہی کار حادثوں کا سبب بنتے ہیں۔

دوسری جانب جاپان کے ریلوے حکام نے کہا ہے کہ مسافروں کی جانب سے ان کے عملے سے بدتمیزی اور تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اور ایسے واقعات اکثر ضعیف العمر افراد کی جانب سے کیے جاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG