رسائی کے لنکس

پیدل چلتے ہوئے فون استعمال کرنے پر پابندی کی تجویز


بہت سے ملکوں میں گاڑی چلاتے ہوئے موبائل استعمال کرنے پر پابندی ہے۔ لیکن اب جاپان کا ایک شہر پیدل چلتے ہوئے لوگوں کے موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی لگانے والا ہے۔

یہ منظر دیکھ کر اب کسی کو تعجب نہیں ہوتا کہ شہروں میں بے شمار لوگ زیبرا کراسنگ، فٹ پاتھ یا دوسرے عوامی مقامات پر چلتے ہوئے فون استعمال کرتے ہیں۔ کال سننا اور کرنا تو معمول کا حصہ ہے لیکن اس کے علاوہ بھی اسکرین پر نظریں جمی رہتی ہیں۔

ٹوکیو کے قریب واقع شہر یاماتو کی اسمبلی میں اس بارے میں ایک مسودہ قانون پیش کیا گیا ہے جس میں تجویز کیا گیا ہے کہ چلتے ہوئے موبائل فون استعمال کرنے کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔

شہری حکام کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور اس کے ساتھ گنجان آباد علاقوں میں حادثات بھی بڑھے ہیں۔ ہم ان حادثات کو روکنا چاہتے ہیں۔ اگر یہ بل اسمبلی میں منظور کر لیا گیا تو یاماتو جاپان کا پہلا شہر ہو گا جہاں اس قسم کی پابندی لگے گی۔

فی الحال اس پابندی کی خلاف ورزی کی کوئی سزا تجویز نہیں کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس پابندی سے عوام میں شعور اجاگر کرنا چاہتے ہیں کہ چلتے ہوئے موبائل فون استعمال کرنا خطرناک ہے اور اس سے حادثے ہوتے ہیں۔

اس مقصد سے شہر بھر میں پوسٹر اور پیغامات لگائے جائیں گے جن میں شہریوں کو نئے قانون کے بارے میں مطلع کیا جائے گا۔ بل منظور ہونے کی صورت میں اسے یکم جولائی سے نافذ کیا جائے گا۔

2014 میں جاپانی موبائل فون کمپنی این ٹی ٹی ڈوکومو نے ایک تحقیق کے بعد بتایا تھا کہ عام شخص عوامی مقام پر چلتے ہوئے جتنا کچھ دیکھتا ہے، موبائل فون ہاتھ میں ہونے کی صورت میں اس کا صرف پانچ فیصد دیکھ پاتا ہے۔

کمپنی نے کمپیوٹر کی مدد سے تجربہ کیا کہ اگر 1500 افراد موبائل فون کی اسکرین پر نظر جما کر جاپان کے ایک مصروف چوراہے سے گزریں تو کیا ہو گا؟ معلوم ہوا کہ دو تہائی افراد کسی حادثے سے نہیں بچ سکیں گے۔

جاپان میں نہ صرف پیدل چلنے والوں بلکہ سائیکل سواروں کو پیش آنے والے حادثات بھی بڑھ رہے ہیں کیونکہ لوگ سائیکل چلاتے ہوئے بھی فون استعمال کرتے ہیں۔ ان حادثات کے بعد کیے گئے مقدمات میں بعض افراد نے ایک ملین ڈالر تک معاوضے کا تقاضا کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG