رسائی کے لنکس

جیت کا دم: ایک نیا گیم شو جو سنسنی خیز بھی ہے، دلچسپ بھی


نیا گیم شو اپنے ہم پلہ چینلز سے پیش ہونے والے شوز سے بالکل ہٹ کر، سب سے منفرد، دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگا: ہم ٹی وی انتظامیہ کا دعویٰ

پاکستانی نجی ٹی وی چینلز پر کچھ برسوں سے ڈرامہ سیریلز کے ساتھ ساتھ گیم شوز بھی نشریات کا اہم حصہ ہوگئے ہیں۔ غالباً ہر دوسرے بڑے ٹی وی چینل کی نشریات میں گیم شوز کو ڈرامہ سیریلز کے مساوی جگہ دی جاتی ہے۔

ہفتہ 7 فروری سے 'ہم' ٹی وی بھی ان چینلز میں شامل ہونے جارہا ہے۔ اس کا نیا گیم شو ”جیت کا دم“ نئے عزم کے ساتھ شروع کیا جارہا ہے۔ اور یہ خبر تو 'وائس آف امریکہ' آپ کو سب سے پہلے دے ہی چکا ہے کہ اس شو کے ہوسٹ پاکستانی ٹی وی ایکٹر فیصل قریشی ہوں گے۔

”جیت کا دم“ کے حوالے سے ’ہم ٹی وی‘ کے پبلک ریلیشنز منیجر صغیر منہاس نے 'وائس آف امریکہ' کو بتایا ”نیا گیم شو اپنے ہم پلہ چینلز سے پیش ہونے والے شوز سے بالکل ہٹ کر سب سے منفرد، دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگا۔ یہاں ذہنی آزمائش اور جیت کے جذبے کو ثابت کئے بغیر انعام حاصل نہیں ہوسکے گا۔ یہ فیملی گیم شو ہے جو ہفتے میں دو مرتبہ پیش ہوگا۔“

چھوٹی سی غلط فہمی

’ہم ٹی وی ‘ سے نئے گیم شو کے ساتھ ساتھ ایک نئی ڈرامہ سیریل ”چھوٹی سی غلط فہمی“ بھی پیش کیا جارہا ہے جس کی کہانی میاں بیوی کے درمیان پیدا ہونے والی غلط فہمیوں اور ان کے اثرات کے گرد گھومتی ہے۔

ڈرامے کے تین کردار ابرار، اس کی بیوی افروز اور دس سالہ بیٹی خوشحال زندگی گزار رہے ہیں۔ افروز کی ایک دوست ساحلہ لا ابالی شخصیت کی مالک ہے۔ وہ سمجھتی ہے کہ دنیا کے سارے مرد بے وفا ہوتے ہیں اور ابرار بھی انہی میں سے ایک ہے۔

ساحلہ اور افروز کے درمیان مذاق مذاق میں مردوں کی وفاداری کا امتحان لینے کے لئے شرط لگ جاتی ہے جس کے تحت ساحلہ ابرار کو جھوٹی کہانی سناتی ہے کہ اسے برین ٹیومر ہے۔ یہ خبر ابرار کے دل میں ساحلہ کے لئے ہمدردی پیدا کرجاتی ہے لیکن یہیں سے معاملات خراب ہونے لگتے ہیں، یہاں تک کہ پانی سر سے بھی اونچا ہونے لگتا ہے ۔

اس احمقانہ شرط کا کیا انجام ہوتا ہے اور اجڑتے گھر دوبارہ بس جاتے ہیں یا نہیں یہی ”چھوٹی سی غلطی“ کا مین پلاٹ ہے، جسے تحریر کیا ہے ناصر فراز نے جبکہ ہدایات دی ہیں احسن علی زیدی نے۔ اداکاروں میں شامل ہیں ساجد حسن، نوشین شاہ، سبرین اصفہانی، ژالے سرحدی، نمرہ خان، شکیل، حمیرہ ظہیر، عمران اشرف اور عریشہ۔

XS
SM
MD
LG