رسائی کے لنکس

انسٹاگرام پر کم وقت میں 10 لاکھ فالوورز کا ریکارڈ جینیفر اینسٹن کے نام


جینیفر اینسٹن (فائل فوٹو)
جینیفر اینسٹن (فائل فوٹو)

امریکی اداکارہ جینیفر اینسٹن ان دنوں میڈیا اور سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہیں۔ اینسٹن نے اپنے مداحوں سے رابطے میں رہنے کے لیے انسٹاگرام اکاؤنٹ بنایا تھا لیکن اس اکاؤنٹ نے انہیں ایک عالمی ریکارڈ بھی دلا دیا ہے۔

معروف امریکی اداکارہ نے منگل کو انسٹاگرام پر پہلی بار اپنا اکاؤنٹ بنایا تھا جس کے فالوورز کی تعداد صرف پانچ گھنٹے میں 10 لاکھ کا ہندسہ عبور کر گئی۔

اس سے قبل انسٹاگرام پر سب سے کم وقت میں 10 لاکھ فالوورز بنانے کا ریکارڈ برطانیہ کے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کے پاس تھا۔ شاہی جوڑے کا مشترکہ انسٹاگرام اکاونٹ رواں سال اپریل میں لانچ کیا گیا تھا جس کے فالوورز کی تعداد پونے چھ گھنٹے میں 10 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔

اس وقت انسٹاگرام پر جینیفر کے فالوورز کی تعداد​ ایک کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اکاؤنٹ بننے کے بعد جینیفر کے مداحوں نے ان کی انسٹاگرام پروفائل کا اتنی مرتبہ وزٹ کیا کہ ’ٹریفک‘ کے باعث ان کی پروفائل عارضی طور پر کریش ہو گئی۔

جینیفر اینسٹن کی پروفائل تک رسائی میں جب ان کے مداحوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا تو فیس بک کی ترجمان نے بھی ایک بیان جاری کیا اور اس میں جینیفر کو خوش آمدید کہا۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ سے گفتگو کرتے ہوئے فیس بک کی ترجمان نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ کچھ لوگوں کو جینیفر کی پروفائل تک رسائی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انسٹاگرام کمیونٹی کا حصہ بننے پر ہمیں اپنی اس ’دوست‘ پر بہت خوشی ہے۔

خیال رہے کہ جینیفر اینسٹن ماضی کی مشہور ٹی وی ڈرامہ سیریل ’فرینڈز‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کر چکی ہیں۔ انسٹاگرام پر اپنی پہلی پوسٹ میں بھی جینیفر نے اسی سیریل کی کاسٹ کے ساتھ ملاقات کی تصویر شیئر کی تھی۔

اس تصویر کو بھی اب تک ایک کروڑ 32 لاکھ سے زائد لائکس مل چکے ہیں۔

جینیفر نے تیز ترین فالوورز حاصل کرنے والی شخصیت کا عالمی ریکارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ہی ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG