رسائی کے لنکس

میٹس، باجوہ ملاقات: افغانستان، انسدادِ دہشت گردی پر بات چیت


ذرائع کے مطابق، آرمی چیف اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقات میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو تسلیم کرتا ہے۔ لیکن، یہ کہ ’’پاکستان کو اپنے ملک میں موجود دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کی سرکوبی کے لیے اپنی کوششوں کو دگنا کرنا ہوگا‘‘

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔

امریکی سفارت خانے کے ذرائع کے مطابق آرمی چیف اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقات میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو تسلیم کرتا ہے۔ لیکن، یہ کہ ’’پاکستان کو اپنے ملک میں موجود دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کی سرکوبی کے لیے اپنی کوششوں کو دگنا کرنا ہوگا۔‘‘

پاک فوج کے شعبہٴ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں پاکستان نے امریکی وزیر دفاع سے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکہ سے اعتماد کے علاوہ کچھ نہیں چاہیئے‘‘۔

اسلام آباد میں پاک فوج کے ترجمان ادارے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ’’اس اہم ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال، بالخصوص افغانستان کے حوالے سے تبادلہٴ خیال کیا گیا۔‘‘

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بین الاقوامی کمیونٹی کے ایک پُرامن رُکن کے طور پر، اپنی استطاعت سے بڑھ کر اس جنگ میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر، انہوں نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا اور بھارت کی جانب سے افغان سرزمین اپنے خلاف استعمال کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا؛ جبکہ آرمی چیف نے افغان مہاجرین کی باعزت واپسی اور سرحد پار دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کے حوالے سے اپنا نکتہ نظر امریکی وزیر دفاع کے سامنے رکھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، اس موقع پر، امریکی وزیر دفاع نے افغانستان میں دہشت گرد ایجنڈا کی تکمیل کے لیے پاکستانی سرزمین کے استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ امریکہ پاکستان کے تحفظات دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا اور امریکہ پاکستان سے مزید مطالبات نہیں بلکہ مل کر کام کرنے کی کوشش کرے گا۔

آرمی چیف نے امریکی وزیر دفاع کا پاکستانی تحفظات کو سمجھنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کو امریکہ سے اعتماد کے علاوہ کچھ درکار نہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی طرف موجود دہشت گردوں کے تمام محفوظ ٹھکانے ختم کردیے ہیں۔ لیکن، کچھ دہشت گرد پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کے لیے پاکستان کی مہمان نوازی کا غلط استعمال کررہے ہیں،

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ’’ایک دوسرے کے تحفظات دور کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا‘‘۔

امریکی سفارت خانے کے مطابق، امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر دفاع خرم دستگیر، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار سے ملاقاتیں کی ہیں۔

XS
SM
MD
LG