رسائی کے لنکس

گنگولی چیئرمین آئی سی سی بنے تو پابندی کے خلاف اپیل کروں گا: کنیریا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

میچ فکسنگ کے الزامات کا سامنا کرنے والے پاکستانی کرکٹر دانش کنیریا نے کہا ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سورو گنگولی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین منتخب ہو جاتے ہیں تو وہ خود پر عائد پابندی کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔

بھارت کے خبر رساں ادارے 'آئی اے این ایس' کے مطابق دانش کنیریا نے کہا ہے کہ وہ سورو گنگولی کے آئی سی سی کا چیئرمین منتخب ہونے کے خواہش مند ہیں۔

'انڈیا ٹی وی' پر نشر ہونے والے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسی صورت میں آئی سی سی سے اپیل ضرور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آئی سی سی ان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں دانش کنیریا کا کہنا تھا کہ سورو گنگولی بہترین کرکٹر رہے ہیں۔ وہ باریکیوں کو اچھی سمجھتے ہیں اس لیے آئی سی سی کے چیئرمین کے لیے ان سے بہتر کوئی اور امیدوار نہیں۔

دانش کنیریا کا یہ بھی کہنا تھا کہ گنگولی ہی بطور چیئرمین آئی سی سی کو آگے لے جا سکیں گے۔

کنیریا نے مزید کہا کہ میرا کیس سورو گنگولی کے لیے بھی ایک مضبوط کیس ثابت ہوگا۔ مجھے نہیں لگتا کہ گنگولی کو پی سی بی کی مدد درکار ہوگی۔

سورو گنگولی ایم ایس دھونی اور ویراٹ کوہلی سے پہلے بھارتی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ اس وقت وہ بی سی سی آئی کے صدر ہیں۔

دانش کنیریا پر برطانوی کاؤنٹی ایسیکس کی نمانندگی کے دوران 2012 میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں پابندی عائد کی گئی تھی۔ لیگ اسپنر کنیریا نے اس الزام سے انکار کیا تھا لیکن 2018 میں انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا تھا۔

XS
SM
MD
LG