رسائی کے لنکس

کراچی دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی اجتماعی نمازہ جنازہ


کراچی میں جمعے کے روز ہونے والے دو بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 33ہوگئی ہے جن میں سے 20کی اجتماعی نماز جنازہ ہفتے کو ملیر میں ادا کی گئی۔اس موقع پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

بم دھماکوں کے بعد سے شہر کی فضا سوگوار ہے ۔ متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جب کہ شیعہ رہنماؤں کی طرف سے ہفتے کے روز ہڑتال کی کال بھی دی گئی ہے۔شہر میں تعلیمی ادارے، تجارتی اور کاروباری مراکز بند ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک بھی کم ہے۔

ایک روز قبل کراچی میں دو بم دھماکے ہوئے جن میں سے پہلے کا ہدف شارع فیصل پر نرسری کے علاقے میں شیعہ زائرین کی ایک بس تھی جو حضرت امام حسین کے چہلم کے مرکزی جلوس میں شرکت کے لیے جارہی تھی۔ دھماکے کے بعد جب زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا تو اس کی پارکنگ میں ایک اور زور دار دھماکا ہوا۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال 28دسمبر کو ایم اے جناح روڈ پر عاشورہ کے مرکزی ماتمی جلوس میں ہونے والے دھماکے میں 40افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ اس کے بعد پرتشدد ہنگاموں میں شہر کے مختلف حصوں میں سینکڑوں دکانوں کو نذر آتش کردیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG